News Details

25/12/2018

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ موجودہ دور میں سوشل میڈیا کاکردار نہایت اہمیت کا حامل ہے

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ موجودہ دور میں سوشل میڈیا کاکردار نہایت اہمیت کا حامل ہے ۔ صوبے میں سابقہ فاٹا کے سات نئے اضلاع شامل ہونے سے ہمیں متعدد چیلنجز کا سامنا ہے ۔ پی ٹی آئی کی سوشل میڈیا فاٹا کے انضمام اور صوبائی حکومت کی عوام دوست پالیسیوں کو عوام تک پہنچانے میں پل کا کردار ادا کریں ۔ وہ پی ٹی آئی کی ملک بھر سے آئی ہوئی سوشل میڈیا کے مندوبین سے خطاب کر رہے تھے۔اس موقع پرصوبائی کابینہ اور ممبران صوبائی اسمبلی اور صوبائی حکومت کے ترجمان بھی موجود تھے ۔ شرکاء کو سوشل میڈیا کی کارکردگی پر تفصیلی بریفینگ دی گئی ۔ اپنے خطاب میں وزیراعلیٰ نے کہاکہ ہماری سوشل میڈیا ہمارا حواص خمسہ ہے اور اس کی کارکردگی اور افادیت سے انکار ممکن نہیں۔ جب میں پچھلے دور حکومت میں صوبائی وزیر تھا تو ہم نے نوجوانوں کی فلاح و ترقی کیلئے متعدد اقدامات کئے جس میں سیاحت اور کھیل کے بجٹ میں اضافہ ، یوتھ ڈائریکٹوریٹ کا قیام اور پالیسی دی ۔ امپیکٹ چیلنج پروگرام کا اجراء کیا ۔ اُنہوں نے کہا کہ اب صوبے میں سات نئے اضلاع کے شامل ہونے سے ہمیں زیادہ محنت اور جانفشانی سے وہاں کے پسماندہ لوگوں کو قومی دہارے میں شامل کرنے کیلئے دن رات کام کرنا ہو گا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف کی نظام کی تبدیلی کے لئے 22سالہ سیاسی جدوجہد میں سوشل میڈیا نے بہت اہم کردار ادا کیا ہے۔سوشل میڈیا نے ہماری پچھلی صوبائی حکومت کی کارکردگی کو وقتاً فوقتاً عوام کے سامنے پیش کیا اُنہوں نے کہاکہ سوشل میڈیا نے پی ٹی آئی کے منشور کو عوام تک پہنچایا اورعوام کو آزادانہ رائے قائم کرنے میں مدد کی۔یوں عوام کوایک منفرد ابلاغی پلیٹ فارم فراہم کیاجس سے حکومتی اقدامات کو اُجاگر کرنے کا موقع ملا ۔انہوں نے سوشل میڈیا کی پریزینٹیشن کے حوالے سے کہاکہ یہ پی ٹی آئی حکومت کی کارکردگی کو اُجاگر کرنے کیلئے ایک بہترین ابلاغی حکمت عملی ہے جو سوشل میڈیا وفاقی اور صوبائی حکومت کی عوام دوست کارکردگی کو عوام کے سامنے پیش کرنے کے ساتھ ساتھ عوام دشمن پروپیگنڈے کا بھر پور مقابلہ کرے گی۔ یہ کہنا بے جا نہ ہوگا کہ آج کے دور میں ہم سوشل میڈیا کی بدولت بیک وقت ہمہ گیریت اور مقامی سطح پردرپیش چیلنجز سے آگاہی حاصل کرسکیں گے۔ ان چیلنجز سے عہدہ برآ ہونے کیلئے تیاری کرسکیں گے۔ عوام کی ذہن سازی اور عوام کی اجتماعی رائے کے نتیجے میں بہترین فیصلہ سازی کر سکیں گے ۔ایسی فیصلہ سازی جو ملک وقوم اور عوام کے مفاد میں ہو۔ ہماری حکومت نے صوبے کی ترقی اور خوشحالی کیلئے ایک مکمل اور جامع پلان بنا یا ہے ۔ ہم نوجوانوں کی صلاحیتوں سے استفاد کر نا چاہتے ہیں ۔ اس صوبے کو تعلیم یافتہ ، باصلاحیت اور مستعدنوجوانوں نے آگے لے کر جانا ہے ۔ ہم نے صوبے میں ترقیاتی حکمت عملی ، میرٹ کی بالادستی ، شفافیت اورانصاف سب کیلئے کا ایک بھر پور خاکہ بنایا ہے ۔ ہم ثابت کریں گے کہ ہماری حکومت صوبے کو دیرپا ترقیاتی راستے پر ڈالنے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔ یہاں سے نئے پاکستان کا آغاز کیا گیا ہے ۔ یہاں سے ہی میرٹ اور شفافیت کا آغاز ہو ا ۔ یہاں سے ہی کفایت شعاری اوروسائل کے بے دریغ استعمال کی حوصلہ شکنی کی گئی ۔ اور یہاں سے ہی تکمیل پاکستان کا جنون پروان چڑھے گا۔ اس پورے عمل میں سوشل میڈیا کے فعال کردار کو ہم نظر انداز نہیں کر سکتے۔انہوں نے کہاکہ اُنہیں سوشل میڈیا ٹیم کی صلاحیتوں پر بھر پور اعتمادہے ۔