News Details

04/01/2019

قبائل نے اپنی روایات کے تحفظ اور پورے پاکستان کی سلامتی کیلئے قربانیاں دی ہیں

صوبائی حکومت کے ترجمان اجمل خان وزیر نےکہاکہ قبائل ترقی کے نئے دور کی طرف جارہے ہیں ۔ قبائل نے اپنی روایات کے تحفظ اور پورے پاکستان کی سلامتی کیلئے قربانیاں دی ہیں ۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قبائل نے ہراول دستے کا کردار ادا کیا ہے ۔وہ باجوڑ میں مقامی عمائدین کے جرگے سے خطاب کررہے تھے جس سے وزیر اعلی محمود خان نے بھی خطاب کیا۔ اجمل وزیر نے کہاکہ صوبائی حکومت نوجوانوں کو روزگار اور دیگر سہولیات فراہم کرے گی بلکہ ان کے مستقبل کو محفوظ بنانے کیلئے دوررس اقدامات کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ کی ہدایت ہے کہ نئے اضلاع میں کوئی قانونی سقم نہیں رہنا چاہئے ۔ انضمام کے عمل کو مکمل کرنا اور قبائل کو قومی ترقی کے دہارے میں لانا ہمارا کل وقتی پلان ہے ۔ وزیر اعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ محمود خان کی سیاسی بصیرت اور دلیرانہ قیادت میں سات نئے اضلاع کی محرومیاں دور کرکے دکھائیں گے ، عوام کو انصاف فراہم کریں گے اور اُن کے حقوق کو تحفظ دیں گے ۔اجمل وزیر نے کہا کہ وزیر اعلی محمود خان ضم شدہ اضلاع کی ترقی اور ان علاقوں کی ستر سالہ محرومیوں کے ازالے کے لیے پر عزم ہیں اور ان کی قیادت میں اس عمل کا آغاز ہو چکا ہے جس کے دوررس نتائج جلد سامنے آئیں گے۔