News Details

22/01/2019

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے صوبے میں شامل سات نئے ضم شدہ اضلاع کو قومی دہارے میں لانے کیلئے طریقہ کار کو تیز تر کرنے کی ہدایت کی ہے

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے صوبے میں شامل سات نئے ضم شدہ اضلاع کو قومی دہارے میں لانے کیلئے طریقہ کار کو تیز تر کرنے کی ہدایت کی ہے جو تیز ترترقیاتی حکمت عملی کیلئے ناگزیر ہے ۔ان خیالات کا اظہاروزیراعلیٰ نے نئے ضم شدہ اضلاع میں ترقیاتی حکمت عملی کیلئے وسائل کی فراہمی ، سکیموں کی منظوری اور انفراسٹرکچر میں توسیع سے متعلق اپنے دفتر وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں وزیرخزانہ تیمور سلیم جھگڑا ، سینئروزیر سیاحت وثقافت محمدعاطف خان، سینئروزیر بلدیات شہرام خان ترکئی، وزیراطلاعات شوکت یوسفزئی، صوبائی ترجمان اجمل وزیر، آئی جی پولیس صلاح الدین محسود، ایڈوکیٹ جنرل خیبرپختونخوا لطیف یوسفزئی اور دیگر انتظامی سیکرٹریوں نے شرکت کی۔ اجلاس کو نئے شامل شدہ اضلاع میں جامع ترقیاتی پلان، عمل درآمد کی مجموعی صورتحال ، تجاویز ، اداروں کی تیاری اور ان علاقوں کو قومی دہارے میں شامل کرنے کیلئے کئے گئے فیصلوں پر اب تک عمل درآمد اور روڈ میپ پر تفصیلی بریفینگ دی گئی۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ نئے ضم شدہ اضلاع تک تمام سماجی خدمات کے شعبوں میں فوری توسیع ناگزیر ہے ۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ ترقیاتی حکمت عملی کیلئے اُٹھائے جانے والے اقدامات سے نئے ضم شدہ پسماندہ اضلاع قومی دھارے میں شامل ہوجائینگے۔انہوں نے کہاکہ ہماری ترجیحات ، میرٹ پر فیصلہ سازی اور وسائل کا شفاف استعمال ہے۔ اس لئے اداروں کو روڈ میپ اور عمل درآمد کا پورا پلان پیش کرے۔ انضما م کا عمل سہل ہونا چاہیئے تاکہ عوام کے دل اور ذہن جیت سکیں،ترجیحات کا تعین ہو چکا ہے، عوام کو ریلیف ملنا جلدشروع ہونا چاہیئے،انضما م کے فوائد عوام تک جلد ازجلد پہنچانا ہوں گے۔انہوں نے چیف سیکرٹری کو نئے اضلاع میں ترقیاتی حکمت عملی تیز ترکرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ ہمارا ترقیاتی عمل عوام دوست ہونا چاہیئے۔