News Details

13/02/2019

.کوہاٹ سے ڈی آئی خان انڈس ہائی وے کی تعمیر نو اور بحالی کے منصوبے پر کام شروع کرنے کیلئے تمام تر تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں

کوہاٹ سے ڈی آئی خان انڈس ہائی وے کی تعمیر نو اور بحالی کے منصوبے پر کام شروع کرنے کیلئے تمام تر تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ منصوبے کے افتتاح کی تاریخ کا حتمی اعلان چند دنوں میں کیا جائے گا۔ اس امر کا انکشاف وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان اور وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید کی زیر صدارت اسلام آبا دمیں مواصلاتی منصوبوں کے حوالے سے ایک اہم اجلاس میں کیا ۔ خیبرپختونخوا کے وزیر مواصلات وتعمیرات اکبر ایوب خان، سیکرٹری مواصلات و تعمیرات خیبرپختونخوا، سیکرٹری کمیونیکشن، این ایچ اے کے اعلیٰ حکام، این ایچ اے کے ممبر نارتھ ، ایم ڈی سوئی نادرن گیس اور دیگر اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔ اجلاس میں انڈس ہائی وے منصوبے پر کام شروع کرنے کیلئے تیاریوں کا خصوصی طور پر جائزہ لیا گیا ۔ پشاور کو بائی پاس کرتے ہوئے مذکورہ ہائی وے تک رسائی کیلئے چمکنی سے بڈھ بیر تک روڈ کی تعمیر نو و بحالی کا کام بھی کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے جنوبی اضلاع میں حادثات اور جانی نقصانات پر مشتمل بار بار ہونے والے حادثات اور مسائل کا نوٹس لیتے ہوئے مذکورہ منصوبے پر فوری طور پر عمل درآمد شروع کرنے کی ہدایت کی اور کہاکہ انڈس ہائی وے کی تیز رفتار تعمیر نو وبحالی لوگوں کی مشکلات کا مناسب ترین حل ہے ۔ وفاقی وزیر مراد سعید نے بھی انڈ س ہائی وے کی ضرورت اور اہمیت سے اتفاق کیا اور اس کی تیز رفتار تعمیر نو و بحالی میں دلچسپی ظاہر کی ۔ اجلاس میں صوبے کے دور دراز علاقوں کو گیس کی فراہمی اورسڑکوں کے حوالے سے متعدد مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیااور ان مسائل کے حل کیلئے کام کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں انکشاف کیا گیا کہ کوہاٹ سے ڈی آئی خان انڈس ہائی وے منصوبے کیلئے نہ صرف تمام پیپر ورک تیار ہے بلکہ منصوبے کیلئے وسائل کا بھی اہتمام کیا جا چکا ہے ۔ صرف اس امر کی ضرورت ہے کہ منصوبے کا جلد ازجلد افتتاح کیا جائے ۔ اجلاس میں موٹرو ے سے جمرود ضلع خیبر کو جانے والے پشاور نادرن بائی پاس کی تعمیر میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کی بھی ہدایت کی گئی اور اس منصوبے کی جلدی تکمیل پر زور دیا گیا ۔ اجلاس میں ہزارہ موٹروے پر ریحانہ انٹرچینج جو کہ اصلی سکیم اور پی سی ون کا حصہ تھا کو بھی بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیاجس کی اوور ہیڈ پل سمیت تکمیل ممکن بنائی جائے گی ۔ اجلاس میں مزید فیصلہ کیا گیاکہ این ایچ اے اور پی کے ایچ اے کے اعلیٰ حکام باہمی جدوجہد کے ذریعے نادرن بائی پاس روڈ پشاور کی جلد تکمیل یقینی بنائیں گے ۔ اجلاس میں صوبے کے دوردراز اضلاع خصوصاً سوات میں مختلف دیہات کو گیس کی فراہمی کے مسائل کا بھی جائزہ لیا گیااور متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی کہ جس علاقے سے گیس پائپ لائن گزرتی ہیں وہاں کے لوگوں کو بغیر کسی امتیاز ی سلوک کے گیس کی فراہمی یقینی بنائی جائے ۔