News Details

25/02/2019

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے یقین دلایا ہے کہ صوبائی دارالحکومت پشاور میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے لئے وسائل کی کمی کو آڑے نہیں آنے دیں گے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے یقین دلایا ہے کہ صوبائی دارالحکومت پشاور میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے لئے وسائل کی کمی کو آڑے نہیں آنے دیں گے۔ انہوں نے اس مقصد کے لئے ضلع پشاور کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے باقی ماندہ وسائل کے اجراء کی یقین دہانی کرائی ہے اور کہا ہے کہ پشاور کی ترقی اور خوبصورتی کی سکیمیں ضرور مکمل کی جائیگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع ناظم پشاور محمد عاصم سے پشاور میں جاری میگا پراجیکٹس کی تکمیل اور ترقیاتی فنڈز کے اجراء کے حوالے سے تبادلہ خیال کے دوران کیا۔ ضلع ناظم محمد عاصم نے وزیراعلیٰ سے سی ایم سیکرٹریٹ میں ملاقات کی اور انہیں ضلعی حکومت کے پشاور میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی۔ انہوں نے وزیراعلیٰ سے مالی سال 2018-19 کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کی باقی دواقساط جلد ریلیز کرنے کا مطالبہ کیا تاکہ منصوبوں کی تکمیل یقینی بنائی جاسکے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ درکار وسائل جلد فراہم کرنے کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ پشاور کی خوبصورتی پورے صوبے کی خوبصورتی ہے ۔ صوبائی دارالحکومت میں جاری خوبصورتی اور ترقیاتی سکیموں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائیگا۔ انہوں نے اس موقع پر ضلعی حکومت کی کارکردگی کو بھی سراہا اور صوبائی حکومت کیطرف سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ۔