News Details

27/02/2019

وزیر اعلیٰ کی احتشام خان کو ضلع ناظم اعلیٰ مردان منتخب ہونے پر مبارکباد

وزیر اعلیٰ کی احتشام خان کو ضلع ناظم اعلیٰ مردان منتخب ہونے پر مبارکباد خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ محمود خان نے ضلع ناظم مردان کے انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کے اُمیدوارا حتشام خان کو کامیابی پر مبارکباد دی ہے اور اُن کی فتح کو پاکستان تحریک انصاف کی عوامی مقبولیت اور صوبائی حکومت کے عوامی فلاح اور نظام کی اصلاح کیلئے اُٹھائے گئے اقدامات اورپالیسیوں کا مظہر قرار دیا ہے اُنہوں نے احتشام خان کے نام جاری تہنیتی پیغام میں کہا ہے کہ یہ واضح کامیابی عمران خان کی قیادت اور پی ٹی آئی پر مردان کے عوام کے غیر متزلزل اعتماد کی عکاس ہے۔ لوگ اپنے مستقبل کیلئے صرف پی ٹی آئی پر اعتماد کرتے ہیں ۔ پاکستان تحریک انصاف کی جملہ کاوشوں کا مرکز و محور عام آدمی کی فلاح ہے روایتی سیاستدان تحریک انصاف کا مقابلہ نہیں کر سکتے ۔ وزیر اعلیٰ نے اس اُمید کا اظہار کیا کہ نومنتخب نا ظم اعلیٰ اپنے علاقے کی تعمیر و ترقی، عوامی مسائل کے حل اور پارٹی کو مزید مضبوط بنانے کیلئے مخلصانہ کردار ادا کریں گے اور سرکاری محکموں اور اداروں سے کرپشن و اقرباء پروری کا خاتمہ کرکے انہیں عوامی توقعات کا آئینہ دار بنانے کے مشن میں ہر اول دستے کا کردار ادا کریں گے اُنہوں نے سیاسی بالغ نظری کا مظاہر ہر کرنے پر مردان کے باشعور عوام کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔