News Details

10/03/2019

وزیراعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے بی آر ٹی کے پلوں کے نیچے اور پشاور کے دیگر مقامات سے نشے کے عادی افراد کو بلاتاخیر آئس / ڈرگ بحالی مرکز میں منتقل کرنے کی ہدایت کی ہے

وزیراعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے بی آر ٹی کے پلوں کے نیچے اور پشاور کے دیگر مقامات سے نشے کے عادی افراد کو بلاتاخیر آئس / ڈرگ بحالی مرکز میں منتقل کرنے کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے کہاکہ ہم نے نشے کے عادی افراد کا علاج کرکے ایک مفید شہری بنانا ہے۔نشے کے عادی افراد کو نہ صرف بحالی کے مرکز اور ہسپتالوں میں منتقل کیا جائے بلکہ علاج معالجے، تربیت، خوراک سمیت تمام سہولیات فراہم کی جائیں۔ صوبائی حکومت منشیات کے عادی افراد کو با مقصد زندگی کے دہارے میں واپس لانا چاہتی ہے ۔یہاں سے جاری خصوصی ہدایات میں وزیراعلیٰ نے کہاکہ دیگر شہریوں کی طرح یہ افراد بھی ہماری توجہ کے مستحق ہیں ۔ اسی وجہ سے صوبائی حکومت نے ان افراد کے لیے ایک علیحدہ اور مخصوص مرکز قائم کیا ہے۔ وزیراعلی نے کہاکہ وہ نشے کے عادی افراد کا ڈیٹا اکھٹا کرنے کے لیے پہلے سے ہدایات جاری کر چکے ہیں۔ مذکورہ ہدایات پر پیش رفت یقینی بنائی جائے اور منشیات کے عادی افراد کو بحالی کے مرکز میں منتقل کیا جائے ۔اس عمل میں تاخیر نہیں ہونی چاہیے، صوبائی حکومت کے قائم کردہ ڈرگز بحالی سنٹر کے ثمرات مستحقین کو ملنے چاہیے۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ کی مذکورہ ہدایت پر عمل درآمد کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ ، پولیس اور سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ نے پشاور کے مختلف علاقوں میں مشترکہ آپریشن کیا جس کے نتیجے میں کار خانو ، حیات آباد، جی ٹی روڈ یونیورسٹی روڈ ، فقیر آباد اور دیگر علاقوں سے منشیات کے عادی تقریباً 300 افراد کو بحالی سنٹر اور ایل آر ایچ ، کے ٹی ایچ ، ایچ ایم سی میں منتقل کر دیاف گیا ۔ واضح رہے کہ وزیراعلیٰ نے چند ہفتے پہلے صوبے میں اپنی نوعیت کے منفرد پراجیکٹ آئس / ڈرگ بحالی سنٹرفقیر آباد کا باضابطہ افتتاح کیا تھا ۔وزیراعلیٰ کی خصوصی ہدایات پر یہ سنٹر مکمل طور پر فعال کیا جا چکا ہے۔وزیراعلیٰ نے ضلعی انتظامیہ کی طرف سے متعلقہ محکموں کے تعاون سے فوری کاروائی کا خیر مقدم کیا اور کہاکہ صوبائی حکومت یہی چاہتی ہے کہ منشیات کے عادی افراد کو معاشرے کا توانا اور مستعد شہری بنایا جائے ،متعلقہ ادارے اسی جذبے کے ساتھ کام جاری رکھیں، بہت جلد پشاور کو منشیات کے بے دریغ استعمال سے پاک کر دیا جائے گا۔مذکورہ اقدامات / کاروائی آئندہ بھی جاری رکھی جائے ، ہمارا حتمی ہدف منشیات کے عادی افراد کو با مقصد زندگی جینے کا موقع دینا ہے ۔