News Details

14/03/2019

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ زمونگ کور فاؤنڈیشن پراجیکٹ کو نیشنل سطح کا پراجیکٹ بنائینگے

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ زمونگ کور فاؤنڈیشن پراجیکٹ کو نیشنل سطح کا پراجیکٹ بنائینگے۔ انہوں نے کہا ہے کہ اس پراجیکٹ کو پورے صوبے میں توسیع دینگے ۔وزیراعلیٰ نے زمونگ کور پراجیکٹ کو اسی نام سے پورے پاکستان میں توسیع دینے کی تجویز سے اتفاق کیا ہے۔انہوں نے انکشاف کیا ہے کہ زمونگ کور پراجیکٹ کو صوبے میں توسیع کیلئے ڈویژنل لیول پر صوبائی حکومت نے ہوم ورک شروع کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ نے زمونگ کور فاؤنڈیشن اور سپارک آف ہوپ کے مابین مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط کے دوران وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں کیا ہے ۔ اس موقع پرچترال سے رکن صوبائی اسمبلی وزیر زادہ ، سیکرٹری سوشل ویلفیئر، چیئرمین زمونگ کور فاؤنڈیشن سید امتیاز حسین گیلانی اور سپارک آف ہوپ کے نمائندے بھی موجو د تھے ۔ وزیراعلیٰ کو سپارک آف ہوپ کی زمونگ کور فاؤنڈیشن کو تعاون فراہم کرنے اور مختلف شعبہ جات میں ان کی سپورٹ پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلی کو بتایا گیا کہ آٹھویں جماعت کے بعد طلباء کے مزید تعلیم کا پورا خرچہ ، زمونگ کور فاؤنڈیشن میں طلبا کیلئے سپورٹس گراؤنڈز ، کمپیوٹر لیبارٹریز ، انگلش اور چائنیز لینگویج کی ترویج کیلئے سپار ک آف ہوپ فاؤنڈیشن فوری طورپر تمام اخراجات میں مکمل تعاون کریگی۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت اس کار خیر میں مکمل سپورٹ دیگی۔ انہوں نے یقین دلایا ہے کہ وہ بہت جلد زمونگ کور فاؤنڈیشن کا دورہ بھی یقینی بنائینگے۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ پورے صوبے کے یتیم بچوں کے تعلیم کیلئے صوبائی حکومت عملی اقدامات اٹھارہی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ سوات میں دہشت گردی اور اس کے خاتمے کیلئے ہونے والے آپریشنوں کے نقصانات کا ازالہ کرنا مشکل ہے کیونکہ جان و مال کے نقصانات سمیت اس سے زیادہ تر بچے یتیم ہوئے ہیں جن کے زخموں کا حقیقی مداوا ممکن نہیں لیکن زمونگ کور فاؤنڈیشن ،حکومت ، معاشرہ اور دیگر ادارے مل کر اُن کی تکالیف کو کم سے کم کر سکتے ہیں اور اُنہیں احساس محرومی سے نکال سکتے ہیں ۔ انہوں نے زمونگ کور فاؤنڈیشن کی تعلیم کے شعبے میں گراں قدر خدمات کو سراہا ۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت اس طرح کے فلاحی کاموں کیلئے تمام اقدامات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی اور دوسروں کیلئے مشعل راہ سمجھتی ہے ۔ اس موقع پر زمونگ کور فاؤنڈیشن کی معاونت کیلئے سپارک آف ہوپ اور زمونگ کور فاؤندیشن کے درمیان باضابطہ طور پر مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط اوران مفاہمتی یاداشتوں کا آپس میں تبادلہ ہوا ۔