News Details

20/03/2019

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوامحمود خان اورگورنرخیبرپختونخواشاہ فرمان کے زیر صدارت ضم شدہ اضلاع میں مواصلاتی وسائل کے حوالے سے اہم اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوامحمود خان اورگورنرخیبرپختونخواشاہ فرمان کے زیر صدارت ضم شدہ اضلاع میں مواصلاتی وسائل کے حوالے سے اہم اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں مواصلاتی مسائل کے حل کے لئے جامع حکومت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم کے مشیر ارباب شہزادنے اجلاس میں خصوصی شرکت کی، جبکہ صوبائی وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا بھی اجلاس میں موجود تھے۔ اجلاس کے شرکاء کو نئے ضم شدہ اضلاع میں درپیش مواصلاتی مسائل و مشکلات خصوصی طور پر نئے سات اضلاع کو انٹر نیٹ سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی تاکہ ان علاقوں کے لوگوں کوبھی ملک کے دیگر حصوں کے برابر لایا جاسکے اور انہیں بیرونی دنیا سے بھی منسلک کیا جاسکے۔ وزیراعلیٰ نے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے ضم شدہ اضلاع کی ترقی اور فلاح کے لئے حکومتی عزم کا اعادہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ علاقے گزشتہ ستر سالوں سے جدید سہولیات سے محروم رہے ہیں۔ ہم ان کی تمام محرومیوں کا ازالہ کرنا چاہتے ہیں اور انہیں حقیقی معنوں میں ترقی اور فلاح کے قومی دھارے میں شامل کرنا چاہتے ہیں۔ جدید دور کی ضرورت اور قبائلی عوام کے مطالبے کو مدنظر رکھتے ہوئے وزیراعلیٰ،گورنراوروزیراعظم کے مشیر نے نئے اضلاع میں تیز ترین انٹر نیٹ سہولیات کی فراہمی پر زور دیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نئے اضلاع کی اس مشکل کو خصوصی طور پر حل کیا جائیگااورڈیجیٹل اورجدید سہولیات کے بڑھتے ہوئے خلاء کو ختم کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کی جائیگی۔ اجلاس میں اس امر پر اتفاق پایا گیا کہ نئے اضلاع کی فلاح و ترقی کے لئے وسائل کی کمی آڑے نہیں آنے دیں گے۔ ان علاقوں کے عوام نے پہلے ہی بڑی مشکلات اٹھائی ہیں اور ملک کے لئے بے مثال قربانیا ں دی ہیں۔ ہم نہ صرف ان کی تکالیف دور کریں گے بلکہ انہیں خوشحالی کے نئے دور میں داخل کرنے کے لئے تمام تر اقدامات اٹھائیں گے۔