News Details

24/03/2019

وزیراعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان تیز ترین ترقی اور خوشحالی کے راستے پر گامزن ہو چکا ہے

وزیراعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان تیز ترین ترقی اور خوشحالی کے راستے پر گامزن ہو چکا ہے اپوزیشن کی تمام تر رکاوٹوں اور ریشہ دوانیوں کے باوجود ہماری وفاقی اور صوبائی حکومتیں انتہائی خوش اسلوبی کے ساتھ عوامی خدمت میں مصروف ہیں سوات سمیت پورے صوبے میں ہمہ گیر ترقی کا دور شروع ہو چکا ہے اب ہمیں نئے ضم شدہ اضلاع کی پسماندگی دور کرنے کا چیلنج درپیش ہے اور جلد ہم اس بڑے مقصد میں بھی عوام کے سامنے سرخرو ہوں گے وہ سوات میں بلوگرام کے مقام پر سوئی گیس کے بڑے ترقیاتی منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے 12 انچ قطر کی اس نئی اور بڑی پائپ لائن کی لمبائی مردان سے سوات تک 104.2 کلومیٹر ہے منصوبے سے علاقے میں سوئی گیس کی لوڈشیڈنگ اور کم پریشر کا مسئلہ مستقل بنیادوں پرحل ہو گیا ہے منصوبے پر 2276.5 ملین روپے لاگت آئی ہے افتتاحی تقریب میں صوبائی وزیر معدنیات ڈاکٹر امجد، چیئرمین ڈیڈیک فضل حکیم خان، اراکین قومی اسمبلی سلیم الرحمن، جنید اکبر خان، اراکین صوبائی اسمبلی عزیز اللہ گران، میاں شرافت علی، پیر مصور غازی، ڈپٹی کمشنر سوات ثاقب رضا اسلم اور دیگر اعلی حکام کے علاؤہ عمائدین علاقہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی جبکہ سوئی گیس منصوبے کی تکمیل پر مقامی لوگوں نے انتہائی خوشی کا اظہار کیا محمود خان نے کہا کہ سوئی گیس کے اس اہم منصوبے سے ضلع سوات کے عوام کا گیس پریشر کا دیرینہ مسئلہ حل ہوگیا ہے جس پر محکمہ کی کوششیں قابل ستائش ہیں تاہم انہوں نے کہا کہ عوام کو درپیش اوور بلنگ کا مسئلہ بدستور موجود ہے جس پر محکمہ سوئی گیس کے حکام کو بھرپور توجہ دینی ہوگی اسی طرح سوات میں بجلی سپلائی کی صورتحال بہتر بنانے پر بھی کام جاری ہے البتہ ولٹیج کا مسئلہ مستقل طور پر حل کرنے کیلئے ڈبل سرکٹ لائن واحد ہے جس پر پیسکو کو سنجیدگی سے کام کرنا ہوگا انہوں نے کہا کہ میں سوات سمیت مالاکنڈ ڈویژن کی تیز رفتار ترقی چاہتا ہوں صوبے کے تمام پسماندہ علاقوں کو ترقی یافتہ اضلاع کی صف میں کھڑا کرینگے پی ٹی آئی کی موجودہ حکومت عوامی فلاح وبہبود کے عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے ماضی کی حکومتیں اور پارٹیاں عوام کو زبانی جمع خرچ اور کھوکھلے نعروں پر ٹرخاتی رہیں مگر آج عوام ماضی اور موجودہ حکومت کے کام میں واضح فرق محسوس کرنے لگے ہیں ہم عوام کے اعتماد کو ہر گز ٹھیس نہیں پہنچائیں گے اور کرپشن کا خاتمہ کرکے دم لینگے سوات میں اب تمام شعبوں میں ترقی ہوگی ایم این اے سلیم الرحمن کی طرف سے پیش کردہ سپاسنامہ کے جواب میں وزیراعلی نے واضح کیا کہ سیدوشریف میں 500 بستروں کے نئے ہسپتال کا جون میں افتتاح کر دیا جائے گا جس کیلئے 600 تک نئی آسامیاں منظور ہو چکی ہیں تاہم ہسپتال میں طبی آلات و مشینری کیلئے مختص کردہ 2 ارب روپے سے بروقت استفادہ نہیں کیا جا سکا اب یہ مسئلہ بھی حل ہو چکا اور ٹھیکیداروں کے دس کروڑ روپے کی ادائیگی بھی ہو چکی محمود خان نے کہا کہ انہیں سوات کے کالجز میں داخلوں کے مسئلے کا بھی بخوبی علم ہے اور اس کے حل پر پوری سنجیدگی سے کام جاری ہے سوات کے عوام کیلئے خوشخبری ہے کہ مواصلات کے وفاقی وزیر کا تعلق بھی یہاں سے ہے جو یہاں کی پرفضا سیاحتی وادیوں کو جدید مواصلاتی نظام سے جوڑنے کیلئے پوری تندہی سے کوشاں ہیں سوات موٹر وے پر افتتاح کے فوری بعد مینگورہ تک توسیع دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس پر فوری کام کا آغاز کیا جا رہا تاکہ سیاحوں کی اس جنت کے تمام راستے پوری دنیا کیلئے کھولے جا سکیں قبل ازیں جی ایم سوئی گیس کمپنی تاج علی خان اور ریجنل انچارج میر ویس خان نے وزیرآعلیٰ کو منصوبہ پر تفصیلی بریفنگ دی.