News Details

14/04/2019

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے ہنگو یونیورسٹی کیلئے اراضی سمیت دیگر مسائل حل کرنے ، یونیورسٹی کیلئے فیکلٹی کی تقرری تیز کرنے اور دیگر ضروریات بروقت پوری کرنے کی ہدایت کی ہے

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے ہنگو یونیورسٹی کیلئے اراضی سمیت دیگر مسائل حل کرنے ، یونیورسٹی کیلئے فیکلٹی کی تقرری تیز کرنے اور دیگر ضروریات بروقت پوری کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ انہوں نے ہنگو کچا پکا روڈ کو بھی ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ضرورت پر زور دیاہے۔ ہنگو، کوہاٹ اور کرک کے گیس رائلٹی کی مد میں بقایا جات قسطوں میں جاری کئے جائیں گے ، جس کی صوبائی کابینہ منظوری دے چکی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں ضلع ہنگومیں جاری ترقیاتی اقدامات اور دیگر مسائل کے حوالے سے ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ ایم این اے خیال زمان، ہنگو سے اراکین صوبائی اسمبلی ، ایس ایم بی آر فخر عالم ، متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریز اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔ اجلاس کو ہنگو یونیورسٹی پر پیشرفت سے آگاہ کیا گیا اور بتایا گیا کہ یہ کوہاٹ یونیورسٹی کا سب کیمپس تھا جسے اب مکمل یونیورسٹی کا درجہ دیا جا رہا ہے ۔ وزیراعلیٰ نے یونیورسٹی کیلئے اراضی کا مسئلہ حل کرنے اور فیکلٹی سٹاف کی جلد تقرری کیلئے طریقہ کار وضع کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ یونیورسٹی کے لئے درکار تمام ضروریات پوری کی جائیں اور اس سلسلے میں حقیقت پسندانہ ٹائم لائن کا تعین کیا جائے ۔ اجلاس کو ہنگو ٹاؤن شپ پر پیشرفت سے بھی آگاہ کیا گیا اور بتایا گیا کہ اس منصوبے کیلئے 800 کنال اراضی منتقل ہو چکی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے منصوبے پر جلد کام شروع کرکے تیز رفتار تکمیل کی ضرورت پر زور دیا اور ہدایت کی کہ منصوبے کے قیام کیلئے مجوزہ آپشنز پر ہوم ورک کرکے قابل عمل طریقہ کار پر مبنی حقیقت پسندانہ تجویز ایک ماہ کے اندر پیش کی جائے ۔یہ منصوبہ ہنگوکیلئے بڑی اہمیت کا حامل ہے ۔ ہنگو ٹاؤن شپ تک رسائی کیلئے سڑک کی تعمیر صوبائی اے ڈی پی کے ذریعے کی جائے گی ۔ انہوں نے منصوبے کیلئے باضابطہ ٹاؤن پلاننگ کی ہدایت کی اور ٹریٹمنٹ پلانٹ کی بھی اُصولی منظوری دی ۔ وزیراعلیٰ نے پختونخوا ہائی وے اتھارٹی کو ہدایت کی کہ ہنگو کچا پکا روڈ کی تکمیل بھی ترجیحی بنیادوں پر کی جائے ۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ گیس رائلٹی کی مد میں ہنگو کیلئے رواں سال 140 ملین روپے مختص کئے گئے تھے جو فراہم بھی کر دیئے گئے ہیں۔ 2012 سے 2018 تک کے بقایا جات قسطوں میں ادا کرنے کی منظوری ہو چکی ہے ، اس سلسلے میں پیشرفت جاری ہے ۔ اسی طریقے سے کوہاٹ او رکرک کو بھی بقایا جات ادا کئے جائیں گے ۔ وزیراعلیٰ نے پبلک پارک ہنگو کی اراضی کا مسئلہ حل کرنے جبکہ واٹر سپلائی اینڈ سینٹیشن کمپنی کو بھی ایک ماہ کے اندر فعال کرنے کی ہدایت کی انہوں نے شہید فرید خان ڈسٹرکٹ ہیڈکوارہسپتال میں ڈاکٹرز اور دیگر سہولیات کی کمی پوری کرنے کی ہدایت کی ۔ انہوں نے کہاکہ ہسپتال کیلئے پی سی ون میں اگر کوئی کمی ہے تو نظر ثانی شدہ پی سی ون پیش کیا جائے مگر ضروریات پوری کی جائیں ۔ وزیراعلیٰ نے سپورٹس کمپلیکس ہنگو کیلئے زمین کا مسئلہ بھی جلد حل کرنے کی ہدایت کی ۔