News Details

12/06/2019

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے صوبے میں عوام کو خدمات کی بہتر انداز میں فراہمی کیلئے قابل عمل نظام کی بنیاد رکھی ہے اور گراں قدر اصلاحات متعارف کرائی ہیں۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے صوبے میں عوام کو خدمات کی بہتر انداز میں فراہمی کیلئے قابل عمل نظام کی بنیاد رکھی ہے اور گراں قدر اصلاحات متعارف کرائی ہیں۔ سرکاری اداروں اور محکموں کی استعداد کار میں اضافہ کیلئے متعدد اقدامات کئے گئے ہیںاور عوام کی خدمات کے اداروں تک آسان رسائی یقینی بنائی گئی ہے جس کے نتائج ہر سطح پر دیکھے جا سکتے ہیں۔حکومت نے وسائل کے منصفانہ اور کارآمد استعمال پر سمجھوتہ کیا ہے اور نہ آئندہ کرے گی ۔آئندہ مالی سال کیلئے مقرر کردہ اہداف کا حصول یقینی بنانے کیلئے تمام محکموں کو ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا ہوگا۔ان خیالات کا اظہار اُنہوںنے وزیراعلیٰ ہاﺅس پشاورمیںاجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی ، وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا ، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے میڈیا افتخار درانی ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری شہزاد بنگش ، سیکرٹری خزانہ شکیل قادراور دیگر اعلیٰ حکام نے اجلا س میں شرکت کی ۔ اجلاس میں صوبے میں مجموعی طرز حکمرانی ، صوبائی حکومت کی متعارف کردہ اصلاحات اور سماجی خدمات کے شعبوں میں تبدیلی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبے کے عوام نے نظام کی اصلاح و بہتری کیلئے پاکستان تحریک انصاف پر اعتماد کا اظہار کیا ہے یہی وجہ ہے کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نے عوامی توقعات کے مطابق نظام کی بہتری کیلئے ہرممکن اقدامات کئے ہیں۔یہ صوبائی حکومت کی عوام دوست پالیسیوں کا نتیجہ ہے کہ صوبے کے عوام نے تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی پارٹی کو دوبارہ خدمت کا موقع دیا ہے ۔ محمود خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت کی کوششوں کا مرکز و محور عام آدمی کی فلاح ہے ۔ ہم ماضی کے نظام اور حکمرانوں سے نالاں عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے اقتدار میں آئے ہیں۔اس موقع پر صوبائی حکومت کے مجوزہ بجٹ برائے مالی سال 2019-20 پر روشنی ڈالتے ہوئے محمودخان نے کہا کہ یہ بجٹ حقیقی معنوں میں عوامی فلاح و ترقی کا آئینہ دار ہو گا۔ صوبے کے پسماندہ علاقوں کو اُٹھانا خصوصاً ضم شدہ قبائلی اضلاع کی تیز تر ترقی صوبائی حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہے ۔