News Details

27/06/2019

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے کامیاب ریشنلائزیشن پالیسی کے تحت 85 ارب روپے بچت کر کے صوبے کی تاریخ میں سب سے بڑے ترقیاتی بجٹ کی منظوری ممکن بنائی ہے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے کامیاب ریشنلائزیشن پالیسی کے تحت 85 ارب روپے بچت کر کے صوبے کی تاریخ میں سب سے بڑے ترقیاتی بجٹ کی منظوری ممکن بنائی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ نے ریشنلائزیشن کے تحت رواں سال کم و بیش 16 کروڑ روپے کی بچت ممکن بنا کر صوبے کے دیگر محکموں کے لیے ایک مثال قائم کی جس کے بدولت قبائلی اضلاع کے علاوہ صوبے کا ترقیاتی بجٹ پچھلے سال کے 180 ارب روپے سے بڑھ کر 236 ارب روپے کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئے قبائلی اضلاع کے ترقیاتی بجٹ کو بھی پچھلے سال کے 24 ارب سے بڑھا کر 83 ارب روپے کر دیا گیا ہے جو اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت اپنے کیے گئے وعدوں کو عملی جامہ پہنا رہی ہے۔ وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ سے جاری کردہ ایک بیان میں وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ قبائلی اضلاع سمیت پورے صوبے کو صحت کی مفت سہولیات فراہم کرنا فلاحی ریاست کے قیام کی طرف ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ موجودہ حکومت کی گڈ گورننس سٹریٹجی کے تحت صوبے بھر میں نچلی سطح پر اصلاحات متعارف کروائیں ہیں جس سے نہ صرف عوامی مسائل اور مشکلات ان کی دہلیز پر حل ہو رہے ہیں بلکہ کلین اینڈ گرین مہم اور پولی تھین بیگز کے خاتمے جیسے اہم اقدامات سے ماحولیاتی ترقی بھی ممکن ہو رہی ہے۔ وزیراعلی نے کہا ہے کہ حکومت قبائلی اضلاع کی تیر تر ترقی کے ساتھ ساتھ صوبے کو سیاحتی مرکز بنانے کے لیے اقدامات اٹھا رہی ہے جس سے صوبے میں ترقی اور خوشحالی کا ایک نیا باب شروع ہونے جا رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ پختون قوم کئی دہائیوں تک دہشتگردی اور بدامنی کا شکار رہی ہے جس کی وجہ سے ترقی کا عمل منجمد ہو کر رہ گیا تھا تاہم پاک فوج اور قوم کی قربانیوں کی بدولت ہم دہشتگردی کی دلدل سے نکل چکے ہیں اور اب ہمارے سامنے ترقی اور خوشحالی کے بے شمار مواقع میسر ہیں۔ انھوں نے کہا کہ امن کے تسلسل اور کرپشن کے خاتمے کے لیے پوری قوم ایک ہو کر سیسہ پلائی دیوار بنیں تاکہ ترقی اور خوشحالی کے اس سفر کو جاری رکھا جائے۔ وزیراعلی نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے کبھی بھی قومی مفادات پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا اور سیاست سے بالاتر ہوکر اصولوں کو ترجیح دی۔ انھوں نے کہا کہ صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ عوام نے تحریک انصاف کودوبارہ مینڈیٹ دیا ہے جو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ موجودہ حکومت ایک فلاحی ریاست کے قیام کے لیے جدو جہد کر رہی ہے۔ محمود خان نے کہا کہ ہماری کارکردگی ہمارے وژن اور منشور کی عکاس ہے ہم نے عوامی توقعات کےمطابق نظام کی اصلاح کیلئے جو اقدامات اٹھائے ہیں انکے مثبت نتائج عوام محسوس کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نظام جیسا بھی ہو اشرافیہ کو کوئی فرق نہیں پڑتا، مسئلہ عام آدمی کا ہے جو ماضی کے کرپٹ نظام کی چکی میں پستا چلاآرہا تھا۔ تحریک انصاف عام آدمی کی آواز بن کرابھری اور اسکی فلاح کیلئے عملی جدوجہد کی۔ انہوں نے کہا کہ اسی وجہ سے تحریک انصاف آج عوامی حلقوں میں مقبول ترین جماعت بن چکی ہے۔