News Details

07/07/2019

وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان نے آج اتوار کے روزشندور پولو فیسٹیول میں شرکت کی اور فیسٹیول کا باقاعدہ افتتاح کیا ہے

وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان نے آج اتوار کے روزشندور پولو فیسٹیول میں شرکت کی اور فیسٹیول کا باقاعدہ افتتاح کیا ہے ۔ یاد رہے کہ تین روزہ شندور پولو فیسٹیول کا آج پہلا دن تھا جبکہ شندو ر پولو فیسٹیول کی اختتامی تقریب 9 جولائی کو منعقد ہو گی۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے میڈیا افتخار درانی،سینئر صوبائی وزیر برائے سیاحت وثقافت محمد عاطف خان، صوبائی وزیراطلاعات شوکت یوسفزئی، آئی جی ایف سی اور پولیس کے دیگر اعلیٰ حکام بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے ۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے صحافیوں سے گفتگو بھی کی۔ اُنہوں نے تمام انتظامات اور سیاحوں کو مہیا کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا اور اس پر اطمینان کا اظہار کیا ہے ۔ اُنہوں نے کہا ہے کہ ٹوارزم کارپوریشن خیبرپختونخو اکے تعاون اور ضلعی انتظامیہ چترال کے زیر اہتمام سطح سمند ر سے بلند ترین پولو گراﺅنڈ میں منعقد ہ شندور پولو فیسٹیول کا افتتاح اورسیاحوں کیلئے تمام سہولیات مہیا کرنا صوبائی حکومت کیلئے باعث فخر ہے ۔وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ تین روزہ پولو فیسٹیول میں کلچرل نائٹس سمیت علاقائی ہنر مندی اور علاقائی ثقافت کو فروغ دیا جائے گا۔ گفتگو کے دوران اُنہوں نے کہاکہ چترال سکاوٹس ، چترال اور گلگت بلتستان کی پولو ٹیموں کے کھلاڑیوں اور ملک بھر سے آئے ہوئے سیاحوں کے ساتھ ساتھ میڈیا اور صحافیوں کا بھی مشکور ہوں جنہوں نے شندور پولو فیسٹیول دیکھنے کیلئے طویل اور دشوار گزار سفر طے کئے ہیں ا ور فیسٹیول کی خوبصورتی کو دوگنا کیا ہے ۔ اُنہوں نے کہا ہے کہ شندوردُنیا کا بلند ترین پولو گراﺅنڈ ہے۔ یہ کھیل اپنی نوعیت کا ایک منفرد کھیل ہے ۔ اس وجہ سے ساری دُنیا سے کھیلوں کے بالعموم اور پولو کے بالخصوص دلدادہ افراد ان دلچسپ مقابلوں سے لطف اندوز ہونے کیلئے ہر سال شندور کا رخ کرتے ہیں جس کے باعث ان مقامات پر نہ صرف سیاحت ترقی پاتی ہے بلکہ مقامی آبادی کو مختلف طریقوں سے معاشی فائدہ بھی حاصل ہو تا ہے ۔ اُنہوں نے واضح کیا ہے کہ اس طرح کے فیسٹیولز سے دُنیا میں نہ صرف خیبر پختونخوا بلکہ پورے پاکستان کی مثبت تصویرکو فروغ ملتا ہے۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے گزشتہ دور میں صوبے میں حکومت قائم کرنے کے ساتھ سیاحت کی ترقی اور کھیلوں کے فروغ کیلئے ترجیحی بنیادوں پر کام کیا ہے جبکہ موجودہ صوبائی حکومت بھی سیاحت کے فروغ کیلئے بھر پور جدوجہد کر رہی ہے ۔ اُنہوں نے کہا ہے کہ سیاحت، ثقافت اور کھیلوں کے فروغ کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اُٹھا رہے ہیں کیونکہ وزیراعظم عمران خان کا وژن ہے کہ ملک میں سیاحت کو اولین ترجیح دی جائے ۔ اسی تناظر میں صوبائی حکومت نے تین روزہ شاندار پولو فیسٹیول کیلئے تمام ممکن وسائل فراہم کئے ہیں۔ وزیراعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ پولو کھیل تاریخی اہمیت کا حامل ہے جو کہ اب ہماری ثقافت کا حصہ بن چکا ہے جبکہ پولو فیسٹیول میں چترال اور گلگت بلتستان و دیگر مختلف ٹیمیں پولو کھیل میں حصہ لے رہی ہیں جس کی وجہ سے شندور پولو سیاحوں کی آمد کا مرکز بن رہا ہے۔ اُنہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت اسی طرح ہر سال شندور پولو فیسٹیول کو جوش و خروش سے منائے گی اور بین الاقوامی سطح پر اس کو پذیرائی دلائے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ سیاح شندور پولو فیسٹیول میں شرکت کریں ۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے جیتنے والی مختلف ٹیموں میں انعامات بھی تقسیم کئے ۔