News Details

18/07/2019

وزیراعلیٰ کی پٹرول پمپس /سی این جی سٹیشن پر صفائی کے انتظاما ت کی مانیٹرنگ جاری رکھنے اور مزید بہتر بنانے کی ہدایت۔

وزیراعلیٰ کی پٹرول پمپس /سی این جی سٹیشن پر صفائی کے انتظاما ت کی مانیٹرنگ جاری رکھنے اور مزید بہتر بنانے کی ہدایت۔ تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کیطرف سے صفائی ستھرائی مہم کے حوالے سے تین ماہ کی رپورٹ جاری ۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ صوبہ بھر بشمول قبائلی اضلاع میں کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کی بدولت خیبرپختونخوا کو پاکستان میں ایک ماڈل صوبہ بنایا جائیگا ۔ وزیراعلیٰ محمود خان کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں صوبہ بھر میںقائم پٹرول پمپس اور سی این جی اسٹیشنز میں صفائی ستھرائی کے معائنے اورصفائی کے ناقص انتظامات پر متعلقہ پٹرول پمپس و سی این جی سٹیشز کے مالکان کے خلاف قانونی کاروائی کی سہ ماہی رپورٹ کیمطابق تین ماہ میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے 2,146 انسپکشنز کئے گئے جس کے نتیجے میں 1,746 پٹرول و سی این جی پمپس کی حالت بہتر ہوئی ہے جبکہ 400پٹرول و سی این جی پمپس کی صفائی کے انتظامات ناقص رہے۔ اپریل کے مہینے میں ناقص انتظامات پر 155پٹرول پمپس و سی این جی سٹیشنز کو شوکاز نوٹس جاری ہوئے ،جبکہ مئی کے مہینے میں 115اور جون کے مہینے میں 126پمپس کو شوکاز نوٹس جاری ہوئے۔ جون کے مہینے میں کل 65پمپس پر جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔65پٹرول پمپس و سی این جی سٹیشنز سے جرمانے کی مد میں کل 15لاکھ 84ہزار8سو روپے وصول کئے گئے ہیں۔ماہانہ رپورٹ کے مطابق قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں سے اپریل کے مہینے میں 5لاکھ 64ہزار5سو روپے، مئی میں 4لاکھ80ہزار اور جون میں 5لاکھ40ہزار 3سو روپے وصول کئے گئے۔ اپریل کے مہینے میں سب سے زیادہ انسپکشنز ضلع چارسدہ میں کرائے گئے رپورٹ کے مطابق چارسدہ میں کل 94 اور دوسرے نمبر پر قبائلی ضلع مہمند میں 80انسپکشنز ریکارڈ کئے گئے ہیں۔اسی طرح مئی کے مہینے میں ضلع بنوں میں 91اور دوسرے نمبر پر سوات میں 70انسپکشنز کئے گئے ہیں۔ماہ جون کی رپورٹ کے مطابق ضلع ملاکنڈ میں سب سے زیادہ52اور دوسرے نمبر پر ضلع سوات میں 45انسپکشنز کئے گئے ہیں۔ تین ماہ کی رپورٹ کے مطابق ماہ اپریل اور مئی کے مقابلے میں جون کے مہینے میں پٹرول پمپس و سی این جی سٹیشن میں صفائی ستھرائی کی حالت بہتر ہوئی ہے۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ صفائی و ستھرائی کا معمول برقرار رکھنے کےلئے مانیٹرنگ کا عمل جاری رہنا چاہئیے بلکہ اسے مزید بہتر اور موثر بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ مہم کا مقصدعوام کو سہولیات فراہم کرنا اور ناقص صفائی کے حوالے سے عوامی شکایات کا ازالہ کرنا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ صوبے کے تمام اضلاع میں صفائی کا بہترین انتظام یقینی بنانے کے لئے اقدامات جاری رکھے جائیں۔