News Details

26/07/2019

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے رشکئی اسپیشل اکنامک زون کے ڈیویلپمنٹ ایگریمنٹ کے ریویژن جلد مکمل کرنے اور منصوبے کیلئے دیگر تمام لوازمات کو حتمی شکل دینے کی ہدایت کی ہے

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے رشکئی اسپیشل اکنامک زون کے ڈیویلپمنٹ ایگریمنٹ کے ریویژن جلد مکمل کرنے اور منصوبے کیلئے دیگر تمام لوازمات کو حتمی شکل دینے کی ہدایت کی ہے اور واضح کیا ہے کہ متفقہ ٹائم لائن کے مطابق منصوبے کا سنگ بنیاد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے اکنامک زون تک رسائی کیلئے مجوزہ سڑکوں کی تعمیر پر کام شروع کرنے اور ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے سوات اکنامک زون کیلئے درکار 50 ایکڑ اراضی کی ازمک کو منتقلی کیلئے سمری بھیجنے مہمند ماربل انڈسٹریل زون پر کام کا افتتاح رواں مہینے کے آخر تک یقینی بنانے اور دربند سپیشل اکنامک زون کیلئے اراضی کا مسئلہ حل کرنے کی ہدایت کی ہے مزید برآں وزیراعلیٰ نے خطار سپیشل اکنامک زون کیلئے ایک ہزار ایکڑ اضافی اراضی کے خریداری کیلئے محکمہ خزانہ کے ساتھ مل کر قابل عمل طریقہ کار وضع کرنے اور اس سلسلے میں مناسب ترین تجویز پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں پلان کئے گئے تمام اکنامک زونز کے قیام پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا کیونکہ صنعتوں کے فروغ کے بغیر بے روزگاری کے چیلنجز سے نمٹنا ممکن نہیں ہے۔ وہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں محکمہ صنعت کے منصوبوں پر پیش رفت کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔ وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے صنعت عبدالکریم ، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری شہاب علی شاہ، سٹریٹیجک سپورٹ یونٹ کے سربراہ صاحبزادہ سعید ، سیکرٹری صنعت ، کے پی ازمک ، بورڈ آف انوسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ، ٹیوٹا اور دیگر محکموں کے اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کو صوبے کے مختلف ریجنز میں جاری آٹھ اکنامک زون سمیت تیرا مختلف منصوبوں پر پیش رفت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں صوبائی حکومت کے فلیگ شپ پراجیکٹ ، رشکئی سپیشل اکنامک زور پر پیش رفت کا خصوصی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ رشکئی سپیشل اکنامک زون کیلئے ڈیویلپمنٹ ایگریمنٹ کا مسودہ تقریباً تیار ہے۔ جس کی منظوری کے بعد منصوبے کا باضابطہ طور پر سنگ بنیاد رکھ دیا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے مذکورہ ایگریمنٹ کو جلد حتمی شکل دینے ، منصوبے کیلئے درکار اراضی مکمل طور پر کلیر کرنے اور منصوبے کے پہلے مرحلے کیلئے بجلی اور گیس کی فراہمی کا اجراءٹائم لائن کے اندر یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔محمود خان نے مہمند ماربل انڈسٹریل زون پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ فاٹا کے ضم شدہ اضلاع کا یہ پہلا انڈسٹریل زون ہے جس کا افتتاح جلد سے جلد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی اضلاع کیلئے 26 سو ایکڑ اراضی پر مشتمل دربند سپیشل اکنامک زون بہترین جغرافیائی لوکیشن کا حامل ہے۔ منصوبے کیلئے اراضی کا مسئلہ حل کیا جائے ، یہ منصوبہ اس لئے تجویز کیا گیا ہے تاکہ جنوبی اضلاع کو محرومی کا احساس نہ ہو۔انہوں نے ڈیٹ فارمنگ کے حوالے سے علیحدہ سے اجلاس بلانے کی ہدایت کی ۔ وزیراعلیٰ نے ایک سو پچیس ایکڑ اراضی پر مشتمل بونیر سپیشل اکنامک زون کا پی سی ون اور بزنس پلان بھی تیز رفتاری سے مکمل کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ بنوں اکنامک زون کیلئے درکار باقی ماندہ اراضی جلد محکمہ کے حوالے کی جائے اور منصوبے کیلئے ماسٹر پلان مکمل کیا جائے۔ یہ تمام منصوبے وقت کی ضرورت ہے اور خصوصی طور پر روزگار کے حوالے سے اہداف کی تکمیل کیلئے ناگزیر ہیں۔ صوبائی حکومت ان تمام منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کیلئے وسائل فراہم کریگی۔وزیراعلیٰ نے قبائلی ضلع خیبر میں چھوٹے صنعتی زونز کے قیام کیلئے مربوط حکمت عملی وضع کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ ان صنعتی زون سے ضلع میں معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا اور مقامی آبادی کو روزگار کے مواقع میسر آئینگے۔