News Details

17/08/2019

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کل بروز اتوار پلانٹ فار پاکستان شجر کاری مہم کا باضابطہ افتتاح کریں گے

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کل بروز اتوار پلانٹ فار پاکستان شجر کاری مہم کا باضابطہ افتتاح کریں گے جس کے تحت صوبے بھر میں 5 ملین پودوں کی شجرکاری کی جائے گی جن میں سے ایک لاکھ 50 ہزار پودے ضلع پشاور میں لگائے جائیں گے ۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ شجرکاری مہم کا باقاعدہ افتتاح ضلع خیبر کے علاقہ شاہ کس سے کریں گے جس کے بعد صوبے بھر میں ضلعی انتظامیہ ، محکمہ جنگلات ، محکمہ تعلیم اور منسلک تمام لائن ڈیپارٹمنٹس وسیع پیمانے پر شجرکاری مہم کے تحت پودے لگائیں گے ۔ یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے گزشتہ صوبائی دور حکومت میں ایک ارب پودوں کی کامیاب شجرکاری کی جس کی بدولت نہ صرف خیبرپختونخوا کے جنگلات کے رقبے میں 6.3 فیصد کا اضافہ ممکن ہوا ہے بلکہ پانچ لاکھ سے زائدافراد کو روزگار کے مواقع بھی فراہم کئے گئے ہیں ۔ورلڈ وائلڈ لائف فنڈ (ڈبلیو ڈبلیو ایف) کے مطابق خیبرپختونخوا میںکی جانے والی شجرکاری مہم کی بقاءکی شرح 88 فیصد ہے جو کہ عالمی معیار کے مطابق حوصلہ افزاءقرار پائی ہے۔ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق تحریک انصاف اپنے موجودہ دور حکومت میں مزید ایک ارب پودے اُگائے گی جس سے ماحولیاتی تغیزات کے چیلنجز سے موثر انداز میں نمٹنے کے ساتھ ساتھ عوام کو مزید روزگار کے مواقع بھی فراہم کئے جاسکیں گے۔ وزیراعلیٰ محمود خان نے واضح کیا ہے کہ موجودہ صوبائی حکومت نے شجرکاری مہم کو قبائلی اضلاع تک وسعت دی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کی قیاد ت میں پاکستان تمام شعبوں میںترقی کررہا ہے اور شجرکاری مہم وزیراعظم عمران خان کی پاکستانی عوام کی ترقی ، فلاح و بہبود کیلئے دوررس سوچ کامنہ بولتا ثبوت ہے ۔ انہوںنے کہاکہ شجرکاری مہم سے صوبے میں سیاحت کو مزید فروغ ملے گا اور خیبرپختونخوا سیاحت کے لحاظ سے ملکی اور بین الاقوامی سطح پر سیاحتی مرکز بن کر اُبھرے گا۔