News Details

03/11/2019

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت جمہوری اقدار اور روایات کی پاسداری پر یقین رکھتے ہیں تاہم اُنہوںنے واضح کیاکہ جمہوریت کا راگ الاپنے والے آزادی مارچ کے قائدین ملک دشمن قوتوں کی آوازبننے کی بجائے تعمیری بات کریں

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت جمہوری اقدار اور روایات کی پاسداری پر یقین رکھتے ہیں تاہم اُنہوںنے واضح کیاکہ جمہوریت کا راگ الاپنے والے آزادی مارچ کے قائدین ملک دشمن قوتوں کی آوازبننے کی بجائے تعمیری بات کریں اور قومی اداروں پر بلا جواز اور بے بنیاد تنقید سے گریز کریں ۔ایک طویل جدوجہد اور بڑی قربانیوں کے بعد خطے میں امن کی بحالی ممکن ہو ئی ہے ۔ پوری دُنیا کی نظریں پاکستان پر جمی ہیں ، ہم مزید کسی تجربے یا آزمائش کے متحمل نہیں ہو سکتے ۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوںنے وزیراعلیٰ ہاﺅس پشاور میں صوبائی وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی اور عوامی نمائندوں کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف کی نظام کی اصلاح کیلئے جدوجہد کا کسی بھی دوسری جماعت کے ساتھ موازنہ بنتا ہی نہیں ۔ پی ٹی آئی موروثی سیاسی جماعت نہیں بلکہ ایک وژن اور مشن کے تحت وجود میں آئی ہے جس کا مقصد پاکستان کو بدعنوان نظام اور مفاد پرستی پر مبنی سیاست سے نجات دلا کر ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے ۔ پی ٹی آئی حقیقی معنوں میں ایک عوامی اور جمہوری سیاسی جماعت ہے جس نے ہمیشہ جمہوری اقدار کو فروغ دیا ہے اس کے برعکس پی ٹی آئی کے مخالف نام نہاد سیاستدانوں نے جمہوریت کو ہمیشہ اپنی لوٹ مار پر پردہ ڈالنے اور عوام کو دھوکہ دینے کیلئے استعمال کیا ہے ۔ اُنہوںنے کہاکہ موجودہ حکومت نے آزادی مارچ میں رکاوٹیں نہ ڈال کر عملی طور پر جمہوری ہونے کا مظاہرہ کیا ہے ۔ محمود خان نے واضح کیا کہ موجودہ مارچ کیلئے پی ٹی آئی کے سابقہ دھرنے کو دلیل بنانا غیر منطقی اور سمجھ سے بالاتر ہے ۔ پی ٹی آئی نے اپنے مطالبات اور تحفظات دلائل کی بنیاد پر حکومت وقت کے سامنے رکھے تھے اور حکومت کو اصلاح اور عمل درآمد کیلئے خاطر خواہ وقت دیا تھا اس کے باوجود اُس وقت کی حکومت نے تمام جمہوری اقدار کو روندتے ہوئے ریاستی دہشت گردی اور نہتے کارکنوں پر ظلم و ستم کا بازار گرم کیا تھا ۔ آج جمہوری حق کی باتیں کرنے والے اپنا طرز عمل بھول چکے ہیں ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ اُن کی حکومت نے آزادانہ مارچ کی اجازت دی ہے تاہم مارچ میں شامل قائدین اور دیگر شرکاءکو چاہیئے کہ وہ آئینی حدود کی پاسداری کریں اور کسی بھی ایسی سرگرمی پر عوام کو نہ اُکسائیں جو ملک و قوم کی سلامتی اور امن عامہ میں رخنہ ڈالنے کا سبب بنے۔اُنہوںنے واضح کیا کہ پاکستانی قوم نے اپنے مستقبل کا فیصلہ کرلیا ہے اور پاکستان کو ایک عظیم ملک بنانے کیلئے عمران خان کی بے لوث اور مخلص قیادت پر غیر متزلزل اعتماد کا اظہار کیا ہے ۔پاکستان کو مسائل کی دلدل سے نکال کر ایک خوشحال ملک بنانا ہماری منزل ہے اور ہم اپنی منزل کے حصول کیلئے صحیح سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں ۔گزشتہ ایک سال میں اس مقصد کے تحت ثمر آور اقدامات کئے گئے ہیں ۔ ہم عوام کے تعاون سے بہتری کا یہ سفر جاری رکھیں گے اور پاکستان کو ایک عظیم ملک بنا کر دم لیں گے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اسلام اور مذہب کے نام پر سیاسی مفادات کی جنگ لڑنا نہایت افسوسناک ہے اُنہوںنے واضح کیا کہ اسلام کسی وضع قطع کا نام نہیں بلکہ عمل اور کردار کا نام ہے ہم سب مسلمان ہیں اور ختم نبوت پر نہ صرف کامل یقین رکھتے ہیں بلکہ اس کے تحفظ کیلئے اپنی جان بھی دینے کو تیا رہیں ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان نے بین الاقوامی سطح پر بطور وزیراعظم جس انداز میںاسلام کا حقیقی تشخص پیش کیا ہے اور ناموس رسالت کیلئے آواز بلند کی ہے اس کی پاکستان کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی ۔ اُنہوںنے واضح کیا کہ مذہب کے نام پر عوام کے جذبات سے کھیلنے والے کبھی کامیاب نہیں ہوں گے ۔ سیاسی مقاصد کیلئے مذہبی کارڈ کا استعمال اب قصہ پارینہ بن چکا ہے اب عوام باشعور ہیں ۔وہ کسی کے دھوکے میں نہیں آئیں گے ۔