News Details

17/11/2019

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ موجودہ صو بائی حکومت صوبے میں سیاحت کو بطور صنعت ترقی دینے کیلئے کوشا ں ہے

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ موجودہ صو بائی حکومت صوبے میں سیاحت کو بطور صنعت ترقی دینے کیلئے کوشا ں ہے ، صوبے کے مختلف ریجنز میں صحت افزاءاور سیاحتی استعداد کے حامل علاقوں تک عوام کی آسان رسائی یقینی بنانا اور سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے، اس سلسلے میں ہزارہ موٹر وے کاکردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے ، اس منصوبے کے حویلیاں سے مانسہرہ سیکشن کا باضابطہ افتتاح کرنے جارہے ہیں جس سے نہ صرف عوام کو بہترین سفری سہولت میسر آئیگی بلکہ سیاحت اور صنعت و تجارت کے فروغ کیلئے حکومتی اہداف کا حصول یقینی بنانے میں بھی خاطر خواہ مدد ملے گی۔ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں اراکین صوبائی اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ سوات موٹروے کی توسیع، پشاور سے ڈی آءخان موٹروے، چترال ٹو گلگت روٹ صوبے میں معاشی انقلاب کے ساتھ ساتھ پورے خطے میں تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہزارہ موٹر وے کو مانسہرہ تک ٹریفک کے لئے کھولنے کیوجہ سے ہزارہ کے سیاحتی مقامات تک سیاحوں کی آسان رسائی یقینی ہوگی اور عوام کو سفر کی بہترین سہولت میسر آئیگی۔ انہوں نے کہا کہ قدرت نے خیبرپختونخوا کو خوبصورت وادیوں ، بلند و بالا پہاڑوں اور دلفریب مناظر سے نوازا ہے ، حکومت ان قدرتی وسائل سے بھرپور استفادہ کرنے کی قابل عمل منصوبہ بندی کرچکی ہے۔ ملکی اور غیر ملکی سیاحوںکو سہولیات فراہم کرنے کے لئے انفراسٹرکچر کی ترقی سمیت دیگر منصوبوں پر تیز رفتاری سے کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت اپنے وسائل سے سوات موٹر وے بنا رہی ہے جو اپنی نوعیت کا پہلا اور منفرد منصوبہ ہے۔ سوات موٹر وے کی خصوصیت یہ ہے کہ یہ ایک طرف ایم ون کے ذریعے اسلام آباد او ر ہزارہ سے منسلک ہے اور دوسری طرف ملاکنڈ اور دیگر ملحقہ علاقوں تک رسائی کا آسان اور پر سہولت ذریعہ ہے۔ اس طرح پشاور سے ڈی آئی خان ایکسپریس وے کا منصوبہ جنوبی اضلاع کو صنعت و تجارت کے لئے کھول دیگا۔ یہ تمام تر منصوبے خیبرپختونخوا کی مجموعی معاشی ترقی میں بہترین کردار ادا کریں گے۔ نہ صرف خیبرپختونخوا بلکہ پورا ملک معاشی طور پر مستحکم ہو گا، سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا اور بیروزگاری کے خاتمے میں مدد ملے گی