News Details

21/01/2020

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے زیارت کاکا صاحب نوشہرہ میں درندہ صفت افراد کے ہاتھوںآٹھ سالہ معصوم بچی کے قتل پر متاثرہ خاندان سے ان کے گھر تعزیت کی ہے جبکہ متاثرہ خاندان کو 10 لاکھ روپے کیش بطور مالی معاونت بھی موقع پر فراہم کی ہے

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے زیارت کاکا صاحب نوشہرہ میں درندہ صفت افراد کے ہاتھوںآٹھ سالہ معصوم بچی کے قتل پر متاثرہ خاندان سے ان کے گھر تعزیت کی ہے جبکہ متاثرہ خاندان کو 10 لاکھ روپے کیش بطور مالی معاونت بھی موقع پر فراہم کی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ صوبے میں ان جیسے واقعات قابل افسوس ہیں جبکہ صوبائی حکومت صوبے میں اس طرح کے واقعات کی روک تھام کیلئے صوبائی سطح پر سخت ترین قانون سازی کر رہی ہے جبکہ قانون سازی کا عمل ایک ماہ میں یقینی بنایا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے ضلعی پولیس و انتظامیہ کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ اس افسوسناک واقعے میں ملوث تمام ملزمان کو قرار واقعی اور عبرتناک سزا دی جائے ۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ اس کیس کو تیزی سے نمٹایا جائے ۔ وزیراعلیٰ نے متاثرہ خاندان سے دُعا کی کہ اور کہا کہ صوبائی حکومت اس کیس کی خود نگرانی کرے گی ۔ اُ نہوں نے پولیس کو متاثرہ خاندان کے ساتھ تمام تر تعاون کرنے کی ہدایت کی ہے اور ملزمان کا جلدازجلد چالان بھی پیش کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ متاثرہ خاندان کے دُکھ درد میں برابر کا شریک ہوں ،ان کے ساتھ کھڑا ہوں اور آخری وقت تک کھڑا رہوں گا۔ اُنہوںنے کہاکہ متاثرہ خاندان جس درد سے گزر رہا ہے اس کا احساس ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ جن ملزمان نے یہ فعل کیا ہے وہ انسان نہیں درندے ہیں ۔ ملزمان نے انسانیت کی تذلیل کی ہے جبکہ ملزموں کو قانون کے تحت قرار واقعی سزاد ی جائے گی اور ان کو کیفرکردار تک پہنچانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی ۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ معصوم بچی کا قتل انتہائی ظلم ہے ، اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔