News Details

23/01/2020

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے گومل زام ڈیم کے کمانڈ ایریا میں تمام واٹر کورسز کی تکمیل ٹائم لائن کے مطابق ممکن بنانے اور ملحقہ علاقوں میں زمینی کٹاو کی روک تھام کے لئے شجر کاری کی ہدایت کی ہے

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے گومل زام ڈیم کے کمانڈ ایریا میں تمام واٹر کورسز کی تکمیل ٹائم لائن کے مطابق ممکن بنانے اور ملحقہ علاقوں میں زمینی کٹاو کی روک تھام کے لئے شجر کاری کی ہدایت کی ہے، اور کہا ہے کہ گومل زام ڈیم کے تقریباً دو لاکھ ایکڑپر مشتمل کمانڈ ایریا میں 462 واٹر کورسز کی تکمیل سے ضلع ٹانک ، کلاچی اور ڈی آئی خان کے علاقوں میں زرعی پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا، اور مجموعی طور پر منصوبے کی تکمیل سے خیبرپختونخوا گندم کی پیداوار میں خود کفیل ہو جائیگا۔وزیراعلیٰ نے گومل زام ڈیم منصوبے کے تحت 105واٹر کورسز کی تکمیل پر متعلقہ حکام کی کارکردگی کو بھی سراہا ہے اور کہا ہے کہ منصوبے کی تکمیل میں کسی قسم کی کمی حائل نہیں ہونے دیں گے، جبکہ نظر ثانی شدہ پی سی ون کے مطابق وسائل کی فراہمی سمیت درکار تعاون ترجیحی بنیادوں پر مہیا کیا جائیگا۔ وہ وزیراعلیٰ ہاﺅس پشاور میں گومل زام ڈیم پراجیکٹ کے کمانڈ ایریا کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔ اجلاس میں وزیر ماحولیات اشتیاق ارمڑ ، وزیراعلیٰ کے مشیر برائے انرجی حمایت اﷲ خان،وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری شہاب علی شاہ، سیکرٹری زراعت محمد اسرار ، سیکرٹری آبپاشی ، چیف انجینئر ایری گیشن ڈیپارٹمنٹ اور پراجیکٹ ڈائریکٹر گومل زام ڈیم محمد زبیر و دیگر نے اجلاس میں شرکت کی ۔ اجلاس کو گومل زام ڈیم کمانڈ ایریا ڈویلپمنٹ منصوبے اور پیشرفت کے حوالے سے تفصیلی بریفینگ دی گئی ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ منصوبے کی کل لاگت 3337.6 ملین روپے ہے ، جس میں بیرونی امداد2200.8 ملین روپے ، صوبائی حکومت کا 710.9 ملین روپے جبکہ کسانوں کا شیئر 462.5 ملین روپے ہے۔گومل زام ڈیم کی تکمیل سے تقریباً دو لاکھ ایکٹر مزید اراضی زیر کاشت لائی جائے گی جبکہ سیلاب کے نقصانات کم کرنے سے 80 ملین روپے سالانہ بچت ہو گی ۔ گومل زام ڈیم سے 17.4 میگاواٹ بجلی بھی پیدا کی جائے گی ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ گومل زام ڈیم ضم شدہ قبائلی ضلع جنوبی وزیرستان کے علاقے کجوری کچ میں قائم کیا گیا ہے جس کے ذرائع گومل اور ژوب دریاہےں ۔ ڈیم کی اونچائی 437 فٹ جبکہ مین کینال 60 کلومیٹر طویل اورشاخوں کی لمبائی 369 کلومیٹر ہے ۔ڈیم کی گراس سٹوریج گیارہ لاکھ چالیس ہزار ایکڑفٹ ہے ۔اسی طرح کمانڈ ایریا دو لاکھ ایکڑ کے قریب ہے جس میں ورن کینال کا 28000 ایکڑ کمانڈ ایریا شامل ہے ۔اجلاس کو بتایا گیا کہ کمانڈ ایریا کی ڈویلپمنٹ سے شعبہ زراعت اور لائیو سٹاک کی پیداواری صلاحیت میں خاطر خواہ اضافہ ہو گا۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ کمانڈ ایریا میں کل 393 واٹر کورسز کی تعمیر شامل تھی، تاہم منصوبے کے نظر ثانی شدہ پی سی ون میں واٹر کورسز کی تعداد 462 تک بڑھا دی گئی ہے، جس میں 105 واٹر کورسز کی تعمیر مکمل کی گئی ہے ، جبکہ باقی ماندہ واٹر کورسز پر 75 فیصد تک تعمیراتی کام مکمل کیا گیا ہے ۔ اجلاس کو زراعت و لائیو سٹاک کی پیداواری صلاحیت میں اضافے کے حوالے سے مختلف مفاہمتی یاداشتوں کے حوالے سے بھی آگاہ کیاگیا ۔شعبہ زراعت میں پیداواری صلاحیت جبکہ لائیو سٹاک کے تحت ڈی آئی خان، کلاچی اورٹانک میں مال مویشیوں کی افزائش نسل اور ویکسینیشن کے حوالے سے بھی اجلاس کو تفصیلی بریفینگ دی گئی ۔ منصوبے کی پی سی ون کے لئے مختص شدہ 3373.6 ملین روپے میں سے 783.94 ملین روپے جاری کئے گئے تھے، جن میں سے 694.01 ملین روپے خرچ کئے گئے ہیں۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ واٹر کورسز اور گومل زام ڈیم کے کمانڈ ایریا کی ڈویلپمنٹ سے سیلاب کے نقصانات میں خاطر خواہ کمی آئیگی۔ گومل زام ڈیم کمانڈ ایریا ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت تمام ملحقہ علاقوں میں آبپاشی نظام کی استعداد کو بڑھایا جائیگا، جس سے زرعی پیداوار میں اضافہ ہوگا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ صوبے میں زراعت اور لائیو سٹاک کے شعبے میں پیداواری صلاحیت کو مزید بہتر کرنے کے لئے گومل زام ڈیم کے کمانڈ ایریا ڈویلپمنٹ پروگرام کی تیز تر تکمیل انتہائی اہمیت کی حامل ہے ، جس سے یہ صوبہ زرعی پیداوار میں خود کفیل ہو جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ کمانڈ ایریا ڈویلپمنٹ پروگرام کی جلد تکمیل کے لئے صوبائی حکومت ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔