News Details

12/02/2020

خیبرپختونخوا حکومت کا ڈیجٹیلائزیشن کی طرف ایک اور انقلابی قدم، ڈیجیٹل خیبرپختونخوا2020 کے لوگوکاا جراء

خیبرپختونخوا حکومت کا ڈیجٹیلائزیشن کی طرف ایک اور انقلابی قدم، ڈیجیٹل خیبرپختونخوا2020 کے لوگوکاا جراء ضلع کرک میں 38 کلومیٹر سڑک کی تعمیر و بحالی معاہدے پر بھی دستخط، منصوبے سے تقریباً30,000 افراد مستفید ہوں گے، محمود خان وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے ڈیجیٹل خیبرپختونخوا 2020 لوگو کی باقاعدہ رونمائی کرکے رواںبرس کو صوبے میں ڈیجیٹلائزیشن کے حوالے سے انقلابی سال قرار دیا ہے ، اورہدایت کی ہے کہ تمام محکمے عوامی خدمات میں شفافیت لانے اورغیر ضروری تاخیر کے خاتمے کیلئے ڈیجیٹلائزیشن کے بارے تفصیلی لائحہ عمل مرتب کرے۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ خیبرپختونخوا نے ڈیجیٹل پالیسی مرتب کرکے دیگر صوبوں پر سبقت حاصل کی ہے ، جبکہ رواں سال ڈیجیٹلائزیشن کے حوالے سے مختلف سرگرمیاں جاری رہے گی تاکہ انتظامی امور کو جدیدیت کی جانب بڑھایا جاسکے۔ انہوں نے واضح کیاکہ تحریک انصاف کی صوبائی حکومت عوام کی فلاح کیلئے اصلاحات پر یقین رکھتی ہے اور وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق ڈیجیٹلائزیشن حکومت کی اولین اہداف میں شامل ہے۔ وزیراعلی نے کہا ہے کہ موجودہ دور میں ترقی انفارمیشن ٹیکنالوجی کے بغیر ممکن نہیں ہے،آئی ٹی شعبے کو ترقی دینے کے لئے صوبائی حکومت ٹھوس اقدامات اٹھارہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ نے وزیراعلیٰ ہاوس پشاور میں منعقدہ ڈیجٹیل خیبرپختونخوا 2020 لوگو (LOGO)کی رونمائی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ کے مشیر برائے سائنس وانفارمیشن ٹیکنالوجی ضیااللہ بنگش، معاون خصوصی برائے بلدیات کامران بنگش،وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری شہاب علی شاہ، منیجنگ ڈائریکٹر آئی ٹی بورڈ ڈاکٹر شہباز خان اور دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔ تقریب میں وزیراعلیٰ محمود خان نے رواں سال کو صوبہ بھر میں ڈیجیٹل ٹرانسفرمیشن کے سال کے طور پر منانے کا اعلان بھی کیا۔ان کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل خیبرپختونخوا لوگو (LOGO) اور اس کے پیچھے وژن سے سرمایہ کاروں، آئی ٹی سیکٹر ایکسپرٹس اور صنعت کاروں کو خیبرپختونخوا میں شعبہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی طرف راغب کیا جائے گا۔انہوں نے واضح کیا کہ جس طرح خیبرپختونخوا حکومت نے ملک کی پہلی ڈیجیٹل پالیسی بنانے میں پہل کی ہے۔ اسی طرح حکومت کی کوشش ہے کہ سال 2020 کو تیزترین ترقی کا سال بنائیں۔ وزیراعلیٰ نے سال 2020 کو ٹرانسپرنسی، شہریوں کے لئے سہولیات اور خدمات کو سہل بنانے اور سرکاری اُمور میں جدت لانے جبکہ نوجوانوں کے لئے آئی ٹی شعبے میں روزگار کے مواقع فراہم کرنے کا سال قرار دیا ہے۔اُن کا کہنا تھا کہ صوبے کے سات سو (700) سے زائد نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کے لئے ملک کی پہلی بی پی او ریڈی فیسیلٹی(Business Process Out Sourcing Ready Facility) کا آغاز ہوچکا ہے، انتہائی قلیل وقت میں بین الاقوامی طرز پر جدید سہولیات سے آراستہ بزنس پراسیس آوٹ سورسنگ ریڈی فیسیلٹی کے قیام سے خیبرپختونخوا میںنہ صرف بے تحاشہ روزگار کے مواقع پیدا ہونگے بلکہ ملکی و بین الاقوامی بی پی او آپریٹرز کی بھی حوصلہ افزائی ممکن ہوگی ۔ملکی و بین الاقوامی بی پی او آپریٹرز ا ب آئی ٹی سیکٹر میں محفوظ سرمایہ کاری کرسکیں گے۔ دریں اثناءوزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی سربراہی میں ضلع کرک بانڈہ داو ¿د شاہ سے علاقہ گور گورے تک 38کلومیٹر سڑک کی مرمت و بحالی کے معاہدے پر دستخط بھی ہوئے ۔معاہدے کی تقریب کے دوران وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ منصوبے کی تکمیل سے مقامی لوگوں کو سفری سہولیات میں مزید آسانی میسر ہو گی جبکہ منصوبے سے تقریباً 30ہزار مقامی افراد مستفید ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق منصوبہ 495.04 ملین روپے کی لاگت سے 18مہینوں میں مکمل کیا جائیگا۔ بعد ازاں وزیراعلیٰ نے کوہاٹ پریس کلب کی نو منتخب کابینہ سے حلف بھی لیا اور ان کو الیکشن میں کامیابی پر مبارکباد پیش کیں ۔ وزیراعلیٰ نے اُمید ظاہر کی کہ ضلع کوہاٹ کی صحافی برادری حکومت کی جانب سے عوامی فلاح کے منصوبوں کے حوالے سے آگاہی میں اپنامثبت کردار اداکریگی، جبکہ مثبت تنقید سے حکومت کو بھی عوامی مشکلات کی نشاندہی میں اپنا کلیدی کردار بھی ادا کرے گی ۔