News Details

15/02/2020

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے ضلع ہری پور کا ایک روزہ دورہ کیا جہاں پر انھوں نے مختلف ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح کے ساتھ ساتھ خانپور فیسٹیول کا باقاعدہ افتتاح بھی کیا ہے

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے ضلع ہری پور کا ایک روزہ دورہ کیا جہاں پر انھوں نے مختلف ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح کے ساتھ ساتھ خانپور فیسٹیول کا باقاعدہ افتتاح بھی کیا ہے۔ فیسٹیول میں میں ملک بھر سے ائے ہوے سیاحوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی جبکہ غیر ملکی سیاح بھی فیسٹیول کے مختلف تفریحی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ مقامی ثقافت اور کھانوں سے لطف اندوز ہوئے۔ وزیر اعلیٰ نے دورہ خانپور کے دوران 2ارب 32 کروڑ روپے سے بننے والی 35 کلومیٹر طویل ترناﺅ کوہالہ بالا روڈ کا افتتاح کیا جس سے ملحقہ 55 دیہات کے عوام مستفید ہوں گے۔ وزیر اعلیٰ نے خانپور کے پہلی گرلز ڈگری کالج کی بلڈنگ پر تعمیراتی کام کا افتتاح بھی کیا جس پر 83.7 ملین روپے لاگت آئے گی اور دو سالوں میں مکمل کی جائے گی۔ان منصوبوں کے علاوہ 39.6 ملین روپے کی لاگت سے ریسکیو1122 بلڈنگ کا افتتاح بھی کیا گیا جس کو 18 مہینوں میں مکمل کیا جائے گا جبکہ 139.09 ملین روپے کی لاگت سے خانپور تحصیل کمپلیکس کا بھی افتتاح کیا گیا۔ خانپور فیسٹیول میں واٹر سپورٹ، مقامی ثقافت کی رونمائی ، پیراگلائیڈننگ، فوڈ سٹالز، کتب میلہ ، اورنج فیسٹیول اور دیگر تفریحی سرگرمیاں منعقد ہوئیں۔ افتتاحی تقاریب کے بعد جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ موجود حکومت حقیقی معنوں میں ترقی کی طرف گامزن ہے اور صوبے میں سیاحت کے فروغ کے لیے عملی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں جس سے نہ صرف صوبہ بلکہ پورا ملک ترقی و خوشحالی کی طرف گامزن ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت صوبے میں پہلی ٹورزم اتھارٹی بنانے جا رہی ہے جبکہ صوبہ بھر میں ٹورسٹ سپاٹس کی نشاندھی کرنے کے بعد ان میں سیاحوں کے لئے تمام تر سہولیات فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ صوبائی حکومت خانپور میں ٹوارزم فسلٹیشن سنٹرز بنائی گی جس سے ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کو سہولیات فراہم کی جائیں گی ۔ اُنہوںنے کہاکہ پاکستان کا نمبر ون سیاحتی مقام نامز د ہونا وزیراعظم عمران خان کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے ۔ وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ رواں سال خیبرپختونخو اکے سیاحتی مقامات میں بڑی تعداد میں سیاحوں کی آمد متوقع ہے ۔ سیاحوں کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے صوبائی حکومت نے تمام تر انتظامات مکمل کر لئے ہیں ، جس میں صفائی ، سکیورٹی ، فسلٹیشن سنٹرز کا قیام ، ٹوارزم پولیس، سکیورٹی کیمرے و دیگر تمام تر سہولیات کی فراہمی شامل ہے ۔ اُنہوںنے کہاکہ صوبے میں مذہبی سیاحت کو بھی فروغ دے رہے ہیں۔ پسماندہ اضلاع میں ٹوارزم انڈسٹریز کو فروغ دے رہے ہیں جس سے پسماندہ اضلاع کی نہ صرف ترقی ہو گی بلکہ مقامی افراد کے لیے روزگار کے مواقع بھی میسر آئیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ٹوارزم بطور ایک صنعت ترقی کر رہی ہے ۔ خیبرپختونخوا آگے بڑھ رہا ہے جبکہ عمران خان کی زیر قیادت ہم ایک شاندار مستقبل میں بہت جلد داخل ہوں گے ۔ وزیراعلیٰ نے اپنے خطاب میں خانپور فیسٹیول کے کامیاب انعقاد پر متعلقہ انتظامیہ کو مبارکباد دی اور کہاکہ خانپور ڈیم کی ترقی اور بہتری کیلئے صوبائی حکومت تمام تر انتظامات خود کرنا چاہتی ہے۔ وزیراعلی نے کہا کہ خانپور میں جتنے بھی افتتاح کیے گئے ان کو ہماری دور حکومت میں ہی مکمل کیا جائے گا ، تحریک انصاف کو صوبے میں بہتر کارکردگی کی بنیاد پر دوبارہ اقتدار ملا ہے، ہر صورت عوام کے اعتماد کو بحال رکھیں گے ۔ اُنہوںنے کہاکہ ملک کی معیشت مستحکم ہونے جارہی ہے ۔ ہم سب نے اکھٹے ہو کر ایک ٹیم کی شکل میں ترقی کی جانب بڑھنا ہے ۔ تحریک انصاف کی حکومت اپنے آنے والی نسلوں کیلئے اس ملک کو اس مقام پر لے کر جائیں گے کہ آئندہ کی نسلیں رشک کریں گی کہ ہمیں عمران خان جیسا لیڈر ملا تھا ۔ صوبائی حکومت پسماندہ اضلاع کو ترقی دینے کیلئے اقدامات کر رہی ہے ۔ موجودہ صوبائی حکومت ریفارمز بیسڈ حکومت ہے ۔ ہم نے عوام کو بہتر سہولیات و خدمات کی فراہمی کیلئے تمام صوبائی محکموں میں ریفارمز متعارف کرائی ہیں تاکہ عوام کی زندگی کو بہتر کیا جا سکے ۔ پسماندہ اضلاع میں روڈز و دیگر انفراسٹرکچر کی ترقی ترجیحات میں شامل ہے ۔ موجودہ صوبائی حکومت صوبے میں ویلنگ کے ذریعے اپنی انڈسٹر ی کو سستی بجلی فراہم کرنے جارہی ہے جس سے نہ صرف صنعت کو فروغ ملے گا بلکہ صوبے میں روزگار کے مواقع بھی بڑھیں گے ۔ وزیراعلیٰ نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق غریب اور عام آدمی کی زندگی بہتر بنانے اور اُن کو زندگی کی تمام تر بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے سوچتا ہوں۔ اُنہوںنے کہاکہ بہت جلد صوبے کے تمام شہریوں کو صحت انصاف کارڈ کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ ترکی کے صدر نے واضح الفاظ میں عالم اسلام اور کشمیر پر بات کی جس پر اُن کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں ۔ وزیراعظم عمران خان پوری دُنیا میں عالم اسلام کی نمائندگی کر رہے ہیں ۔ اسلامی ممالک کے سربراہان کی آمد عمران خان کی قیادت میں ممکن ہوئی ہے ۔ اُنہوںنے کہاکہ گزشتہ حکومتوں نے ملک میں کرپشن اور لوٹ مار کے سواءکچھ نہیں کیا ہے ۔ اس ملک کے عوام کو چند لوگوں نے کبھی اسلام اور کبھی دوسرے ناموں سے ورغلایا لیکن اصل میں ان لوگوں نے اسلام کا نام لیکر اسلام آباد کی چاہت کی تھی ۔ گزشتہ حکمرانوں کی تاریخ دیکھ لیں تو معلوم ہوگا کہ کسی کا بابا چور توکسی کا نانا اور کسی کا چاچا بلکہ گزشتہ حکمران سب کے سب چور وں کا ایک ٹولہ تھے جبکہ یہ چوروں کا ٹولہ آج اُس حکومت پر تنقید کر رہے ہیں جس نے ملک کی تاریخ میں پہلی بار فلاحی ریاست کے قیا م کے نظریے کو متعارف کرایا اور اس کے لئے عملی اقدامات کر رہی ہے ۔ اُنہوںنے واضح کیا کہ اگر پچھلے حکمران لوٹ مار کی بجائے ملک کی حقیقی معنوں میں خدمت کرتے تو آج قائداعظم کا پا کستان عملی شکل میں موجود ہوتا۔ تحریک انصاف کی حکومت کے آنے سے لٹیروں کا خاتمہ ہو چکا ہے ، اب ترقی اور خوشحالی اس ملک کی تقدیر ہے ۔ اب ہم نے کرپشن کی بیخ کنی کرنی ہے اور بد عنوان عناصر کو کسی بھی صورت نہیں چھوڑنا ہے ، وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبائی حکومت نے عوام سے براہ راست رابطوں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے تاکہ عوام کے مسائل اور اداروں کی کارکردگی براہ راست معلوم ہو سکے اور ان کے حل کیلئے فوری اقدامات بھی اُٹھائے جا سکیں۔ اس موقع پر وفاقی وزیر برائے توانائی عمرا یوب نے بھی جلسے سے خطاب کیا۔ اُنہوںنے کہاکہ صوبے کی 30 سالہ تاریخ میں کسی بھی وزیراعلیٰ کا خانپور کا یہ پہلا دورہ ہے ۔ خانپور میں سیاحت کیلئے ہر ہفتے تقریباً30 ہزار سیاح یہاں کا رخ کرتے ہیں ۔ خانپور مذہبی سیاحت کا بھی مقام ہے کیونکہ یہاں پر سلیپنگ بدھا سائٹ موجود ہے جس سے مذہبی سیاحت کا فروغ ممکن بنارہے ہیں۔ اس موقع پر وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب خان، صوبائی وزیر برائے ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن اکبر ایوب ، وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے اعلیٰ تعلیم میاں خلیق الرحمن، ایم پی اے ارشد ایوب خان، یوسف ایوب خان و دیگر بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے۔