News Details

26/02/2020

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے قیوم سٹیڈیم پشاور میں سکواش کمپلیکس ، اوپن ائیر جیم اور ایگزیکٹیو ہاسٹل کا باقاعدہ افتتاح کیا ہے

اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ موجودہ صوبائی حکومت صوبے بشمول نئے ضم شدہ قبائلی اضلاع میں کھیلوں اور دیگر صحت افزاءسرگرمیوں کے فروغ کےلئے تمام تر ممکن وسائل بروئے کار لارہی ہے۔ سکواش کمپلیکس ، اوپن ائیر جیم اور ایگزیکٹیو ہاسٹل منصوبے کے قیام پر 119ملین روپے لاگت آئی ہے جس کے تحت بین الاقوامی معیار کے 3سکواش کورٹس ، ایک پریکٹس کورٹ اور ایگزیکٹیو ہاسٹل کی تعمیر مکمل کی جاچکی ہے ۔ ہاسٹل میں 24افراد کی رہائش کی گنجائش موجود ہے ، یہ منصوبہ 3سالوں میں مکمل کیا گیا ہے۔ اوپن ائیرجیم میں ورزش اور کھیلوں کی سرگرمیوں کے لئے 22مختلف قسم کی سہولیات بھی موجود ہے ۔ افتتاحی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ موجودہ صوبائی حکومت پورے صوبے میں 100اوپن ائیر جیم بنانے جا رہی ہے ، جس میں 35ائیر جیم کا باقاعدہ افتتاح بھی ہو چکا ہے ۔ انہو ں نے کہا کہ ڈویژنل سطح پر سپورٹس کمپلیکس بنانے جارہے ہیں ، جبکہ موجودہ سپورٹس کمپلیکس میں سہولیات کو اپ گریڈ بھی کر رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ضم شدہ قبائلی اضلاع میں بھی سپورٹس کمپلیکس تعمیر کئے جائیں گے، جس سے وہاں پر کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا ۔ انہوں نے کہا کہ اوپن ائیر جیمز کے افتتاح کے بعد صوبے بھر کے ڈویژنل سطح پر اسٹروٹرفس کا افتتاح بھی جلد ممکن بنایا جائیگا۔ انہوں نے عندیا دیا ہے کہ صوبائی حکومت کی کوشش ہے کہ آئندہ پاکستان سپرلیگ پشاور میں ہی منعقد کیا جاسکے۔افتتاحی تقریب کے بعد ڈائیریکٹر جنرل کھیل و ثقافت نے وزیراعلیٰ کو صوبے میں کھیلوں کے فروغ کیلئے محکمہ کھیل و ثقافت کے دیگر اہم منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی ہے ۔ ان منصوبوں میں ضلع پشاور میں 20مزید سکواش کورٹس کا قیام ، ارباب نیا ز سٹیڈیم کی بہتری اور تعمیر نو نوشہرہ میں بین الاقوامی معیار کا ملٹی پرپر جمنیزیم کی تعمیر ، کوہاٹ سپورٹس کمپلیکس میں اِن ڈور سہولیات کی فراہمی ، ڈی آئی خان سپورٹس کمپلیکس میں ہاسٹل کا حالیہ افتتاح ، ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز میں خواتین کےلئے اِ ن ڈور سپورٹس منصوبہ ، ضلع مردان کے علاقے رستم میں سپورٹس کمپلیکس کی تعمیر ، بنوں ڈی آئی خان اور کوہاٹ میں ایتھلیٹک ٹریکس کی تعمیر ، اسلامیہ کالج پشاور ، سوات، کوہاٹ ، ڈی آئی خان اور چارسدہ میں ہاکی ٹرفس کی تعمیر جبکہ سوات میں سپورٹس کمپلیکس کے قیام کےلئے درکار زمین کا حصول جیسے منصوبے شامل ہے ۔ مزید بتایا گیا کہ صوبے بھر میں تحصیل کی سطح پر انڈر ٹونٹی ون گیمز کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ انٹر ڈسٹرکٹ اور انٹر ڈویژنل گیمز رواں سال 3مارچ سے شروع کئے جائیںگے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے بھر بشمول ضم شدہ قبائلی اضلاع میں کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ کےلئے صوبائی حکومت تمام ممکن وسائل بروئے کار لاہی ہے۔اس موقع پر وزیراعلیٰ کے مشیر برائے قبائلی اضلاع اجمل وزیر، صوبائی اسمبلی اراکین محمد آصف، فضل الٰہی، سیکرٹری کھیل و ثقافت خوشحال خان، ڈائیریکٹر جنرل کھیل و ثقافت، سابق سکواش ورلڈ چیمپیئن قمر زمان، جان شیر خان و دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔