News Details

30/03/2020

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے اشیائے خوردونوش اور دیگر اشیائے ضروریہ کو ذخیرہ کرکے مصنوعی مہنگائی اور قلت پیدا کرنے کی کوشش کرنے والے عناصر کو سخت تنبیہ کیا ہے

اور کہاہے کہ کسی کو بھی موجودہ صورتحال کا غلط فائدہ اُٹھانے اور ناجائز منافع خوری کے ذریعے عوام کو لوٹنے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔ اس سلسلے میں تمام اضلاع کی ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں کو ایسے عناصر پر کڑی نظر رکھنے کیلئے پوری طرح متحرک کر دیا گیا ہے ۔ اس مشکل وقت میں ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی میں ملوث عناصر کے ساتھ آ ہنی ہاتھوں سے نمٹاجائے گااور انہیں دوسروں کیلئے نشان عبرت بنایا جائے گا۔ یہاں سے جاری ایک بیان میں انہوںنے کہا کہ وہ مارکیٹوں کی صورتحال کا بذات خود جائزہ لے رہے ہیں،صوبے میں اشیائے خوردونوش اور دیگر اشیائے ضروریہ کی کوئی کمی نہیں لیکن بعض عناصر مصنوعی قلت پیدا کرکے منافع خوری کی کوششیں کر رہے ہیں ایسے عناصر کان کھول کر سن لیں کہ اُنہیں کسی بھی صورت ایسا نہیں کرنے دیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے تمام علاقوں کے منتخبعوامی نمائندوں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری میں ملوث عناصر پر کڑی نظر رکھنے کیلئے اپنا اہم کردار ادا کریں اور ایسے عناصر کی بروقت نشاندہی کیلئے مقامی انتظامیہ کے ساتھ قریبی روابط رکھیں تاکہ ایسے سماج دُشمن عناصر کو قانون کے مطابق سخت سے سخت سزادی جاسکے ۔ اُنہوںنے مزید کہاکہ قوموں کی زندگی میں اس طرح کی مشکلات آتی رہتی ہیں اور ایسی مشکلوں کا موثر انداز میں مقابلہ کرنے کیلئے اتحاد ، ایثار اور قربانی کا جذبہ درکار ہو تا ہے جو کہ ہماری قوم میں بدرجہ اتم موجود ہے لیکن بدقسمتی سے کچھ عناصر ایسے مواقع کو اپنے ذاتی مفاد کیلئے استعمال کرنے کی کوشش کرتے ہیں مگر حکومت کسی بھی صورت ایسا ہونے نہیں دے گی اور ایسا کرنے والوں کے ساتھ کسی بھی طرح کی نرمی نہیں برتی جائے گی اور اُنہیں نشان عبرت بنایا جائے گا۔