News Details

12/04/2020

ضم شدہ ضلع جنوبی وزیرستان کے 3024 خاصہ داروں کو صوبائی پولیس میں ضم کردیا گیا 196پولیس شہداءکے بچوں کو پولیس میں بطور اے ایس آئی بھرتی کرنے کی منظوری دی گئی ضم شدہ اضلاع کے حوالے سے کئے گئے تمام وعدوں کو پورا کیا جائے گا، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پولیس شہداءکے خاندانوں کی فلاح و بہبود کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے، محمود خان

ضم شدہ ضلع جنوبی وزیرستان کے 3024 خاصہ داروں کو صوبائی پولیس میں ضم کردیا گیا 196پولیس شہداءکے بچوں کو پولیس میں بطور اے ایس آئی بھرتی کرنے کی منظوری دی گئی ضم شدہ اضلاع کے حوالے سے کئے گئے تمام وعدوں کو پورا کیا جائے گا، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پولیس شہداءکے خاندانوں کی فلاح و بہبود کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے، محمود خان خیبرپختونخوا حکومت نے ضم شدہ قبائلی اضلاع کے حوالے سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے ضلع جنوبی وزیرستان کے 3024 خاصہ داروں کو صوبائی پولیس میں ضم کر دیا ہے ۔ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی منظوری کے بعد محکمہ داخلہ نے اس سلسلے میں باقاعدہ اعلامیہ جاری کر دیا ہے ۔واضح رہے کہ ضم شدہ اضلاع کے بیشتر خاصہ داروں کو پہلے ہی پولیس میں ضم کر دیا گیا ہے ۔ اس حوالے سے یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ سابقہ قبائلی علاقوں کی تیز رفتار ترقی اور انضمام کا عمل بغیر کسی تعطل کے جاری ہے، انضمام سے متعلق تمام اُمور بہت جلد مکمل کرلئے جائیں گے اور قبائلی عوام کے ساتھ کیا گیا ہر ایک وعدہ پورا کیا جائے گا۔ اُنہوںنے مزید کہاکہ صوبائی حکومت ضم شدہ اضلاع میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مضبوط بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات اُٹھائے گی اور اُن کی جدید خطوط پر تربیت کے علاوہ اُن کی دیگر تمام ضروریات کو ترجیحی بنیادوں پرپورا کیا جائے گا۔ دریں اثناءصوبائی حکومت نے صوبے کے پولیس شہداءکے بچوں کوپولیس میں بطوراسسٹنٹ سب انسپکٹر بھرتی کرنے کی بھی منظوری دے دی ہے ، جس کے لئے متعلقہ ایکٹ میں آرڈنینس کے ذریعے ضروری ترامیم کر دی گئی ہیں۔ ان ترامیم کے تحت 196 پولیس شہداءکے بچوں کو صوبائی پولیس میں بطور اے ایس آئی بھرتی کیا جائے گا۔ اس اقدام کو صوبائی حکومت کی طرف سے پولیس شہداءکی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کی ایک کوشش قرار دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں خیبرپختونخو اپولیس نے بے مثال قربانیوں کی جوداستان رقم کی ہے اُس پر پوری قوم کو فخر ہے ۔ صوبائی حکومت پولیس کی ان قربانیوں کو کبھی رائیگاں نہیں جانے دے گی اور ان شہداءکے خاندان والوں کی فلاح بہبود کیلئے ہر ممکن اقدامات اُٹھائے گی ۔