News Details

12/07/2020

وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان کی زیر صدارت فرانزک سائنس لیبارٹری پشاور کے حوالے سے اجلاس

وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ نو قائم شدہ ریجنل فرانزک سائنس لیبارٹری سوات کے لئے منظور کردہ آسامیوں پر بھرتیوں کا عمل جلد سے جلد مکمل کیا کیا جائے اور لیبارٹری کے لئے درکار فنڈز کی فراہمی کے لئے ضروری اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ اس لیبارٹری کو ہر لحاظ سے مکمل طور پر فعال بنا کر اس کے قیام کے مقاصد حاصل کئے جاسکیں۔ وزیر اعلی نے حکام کو یہ بھی ہدایت کی ہے کہ فرانزک سائنس لیبارٹری پشاور کے ڈیجیٹل فرانزک آڈیو ویڑیول سیکشن اور ایکسپلوسیو سیکشن کو فعال بنانے کے لئے درکار ماہرین کی بھرتی سمیت دیگر لوازمات اور ضروریات کو ترجیحی بنیادوں پر پورے کئے جائیں جبکہ ان دونوں لیبارٹریز کے لئے درکار تکنیکی ماہرین کی بھرتی کے لئے سروس رولز منظوری کے لئے کابینہ کے اگلے اجلاس میں پیش کئے جائیں۔ یہ ہدایات انہوں نے گذشتہ روز ان مذکورہ لیبارٹریوں سے متعلق منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کی۔ اجلاس کو فرانزک سائنس لیبارٹری پشاور کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے اور سوات میں نو قائم شدہ فرانزک سائنس لیبارٹری کو مکمل طور پر فعال بنانے سے متعلق مختلف امور بشمول لیبارٹریوں کے دائرہ اختیار ، استعداد کار ، قواعد و ضوابط ، بجٹ، کارکردگی، درپیش مسائل اور دیگر اہم امور اور سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ فرانزک سائنس لیبارٹری پشاور 1976میں قائم کی گئی جو خیبرپختونخوا پولیس ، نیب ، انٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ ، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اینڈ نارکاٹیکس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ، کسٹمز اور انٹی نارکاٹیکس فورس کو سول اورکریمینل کیسز میں ضروری خدمات فراہم کررہی ہے۔ سال 2019 کے دوران اس لیبارٹری میں مجموعی طور پر 68,136 کیسز کا معائنہ کیا گیا ہے۔ انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر ثنا اللہ عباسی, وزیر اعلی کے پرنسپل سیکرٹری شہاب علی شاہ، سیکریٹری منصوبہ بندی و ترقیات ہمایون خان اور کیپٹل سٹی پولیس آفیسر محمد علی کے علاوہ محکمہ داخلہ اور محکمہ خزانہ نے متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ تین مختلف مراحل میں لیبارٹری کی تجدید نو کی گئی ہے۔ منصوبے کے تحت فرانز ک سائنس لیبارٹریز اور دفاتر کی تجدید نو کی گئی ہے جبکہ جدید تقاضوں کے مطابق دو نئی لیبز بھی تعمیر کی گئیں ہیں۔ لیبارٹری کی استعداد کار میں اضافہ کے لئے مختلف نوعیت کے تربیتی پروگرام شروع کئے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں ڈیپارٹمنٹ فار انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ (ڈیفڈ) کے تعاون سے سائنسی بنیادوں پر جرائم کی تحقیق کے لئے استعداد کار میں اضافہ کے حوالے سے تربیتی پروگرام بھی منعقد کئے گئے ہیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ آن لائن اسسٹنٹس کے لئے ایک مخصوص ویب پیج بنایا گیا ہے جس کے ذریعے قانون نافذ کرنے والے ادارے ، عدلیہ اور دیگر سٹیک ہولڈرز کیسز کی صورتحال کا آن لائن جائزہ لے سکتے ہیں۔اس کے علاوہ کوالٹی منیجمنٹ سسٹم کو یقینی بنانے کے لئے لیبارٹری کے تحت تمام سیکشن کے لئے ایس او پیز کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ اسی طرح کوالٹی مینول ، ٹریننگ مینول ، سیفٹی مینول اور ایس او پیز کی تیاری پر کام جاری ہے۔ دریں اثنائ وزیراعلیٰ کو ریجنل فرانزک سائنس لیبارٹری سوات کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ملاکنڈ ڈویڑن میں قانون کی حکمرانی کے نظام کو مضبوط بنانے کے لئے یو این ڈی پی کے تعاون سے ریجنل فرانزک سائنس لیبارٹری قائم کی گئی جو فرانزک معائنوں کے لئے پورے ملاکنڈ ڈویڑن کی ضروریات کو پوری کرے گا۔ اس لیبارٹری کے لئے درکار تمام جدید آلات کی خریداری کا عمل مکمل کر لیا گیا جبکہ لیبارٹری کے لئے مستقل عملے کی تعیناتی کا عمل جاری ہے۔ <><><><><><>