News Details

03/08/2020

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کاخیبرپختونخوا پولیس کے شہداءکو خراج عقیدت

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے خیبرپختونخوا پولیس کے شہداءکو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس صوبے کی بہادر پولیس نے عوام کے جان ومال کے تحفظ اور امن عامہ کے قیام کیلئے فرض شناسی کے انمٹ نقوش چھوڑے ہیں اور قربانیوں کی لازوال داستان رقم کی ہے جو تاریخ کے اوراق میں ہمیشہ سنہری حروف میں لکھی جائے گی اور آنے والی نسلوں کیلئے مشعل راہ رہے گی ۔ یوم شہداءپولیس کے حوالے سے یہاں سے جاری اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہاکہ ملک و قوم کے تحفظ کیلئے خیبرپختونخوا پولیس کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی ۔ آج ہم جس پرامن فضاءمیں سانس لے رہے ہیں یہ ان ہی قربانیوں کی مرہون منت ہے ۔ ہم ان قربانیوں کو ضائع نہیں ہونے دیں گے ۔محمود خان نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس نے گزشتہ ایک دہائی سے انتہائی نامساعد حالات میں جس ہمت ، فرض شناسی اور حب الوطنی کا مظاہر ہ کیا اُس پر جتنا بھی فخر کیا جائے کم ہے ۔خصوصی طور پر ہماری پولیس دہشت گردی کے خلاف جنگ میں دیگر سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی رہی اور اس خطے میں امن کی بحالی کیلئے شہادتوں کی ایک تاریخ رقم کی ۔خیبرپختونخوا پولیس حقیقی معنوں میں ایک فورس بن چکی ہے ۔گزشتہ چند سالوں سے بد ترین بد امنی کے خلاف امن بحالی کی تحریک میں ہماری پولیس نے جس پیشہ وارانہ کردار کا مظاہرہ کیا وہ دیگر صوبوں کیلئے بھی قابل تقلید ہے ۔ خیبرپختونخوا پولیس نے ہمیشہ کی طرح کورونا وباءکی موجودہ صورتحال میں بھی فرنٹ لائن پرخدمات انجام دی ہیں۔ہماری پولیس نے ثابت کیا ہے کہ ہمارے جذبات زندہ اور حوصلے بلند ہیں ۔ ہم بتدریج امن کے استحکام ، ترقی اور خوشحالی کی طرف بڑھ رہے ہیں ، ہم قومی سلامتی اور عوام کے تحفظ کیلئے کسی بھی حد تک جانے کو تیار ہیں۔ یہ ہمارا دعویٰ ہی نہیں بلکہ حقیقت ہے اور ہماری پولیس اور سکیورٹی فورسز نے اپنے عمل سے ثابت کیا ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ کوئی بھی چیز انسانی جان کا نعم البدل نہیں ہو سکتی تاہم صوبائی حکومت نے پہلے کبھی شہداءکے لواحقین کو تنہا چھوڑا ہے اور نہ آئندہ چھوڑے گی ۔ محمود خان نے پولیس اور دیگر سکیورٹی فورسز کے تمام شہداءکو خراج عقیدت پیش کیا جنہوںنے ملک وقوم کیلئے اپنی جان قربان کرکے خود کو ہمیشہ کیلئے امر کر دیا ۔ اُنہوںنے خیبرپختونخوا پولیس کے غازیوں اور جوانوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا جو دن رات امن عامہ کے قیام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے شہداءاور غازیوں کے لواحقین کو بھی سلام پیش کیا جو آزمائش کی ہر گھڑی میں ثابت قدم رہے اور وطن سے اپنی محبت میں لغزش نہیں آنے دی ۔وزیراعلیٰ نے شہداءکے درجات کی بلندی اور شہداءکے لواحقین کیلئے صبر و استقامت کی دُعا بھی کی ہے اور کہا ہے کہ ہم اپنے جوانوں کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے ۔