News Details

09/08/2020

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی ریگی للمہ ٹاﺅن اور باچا خان ایئر پورٹ پشاورمیں ٹائیگر فورس شجرکاری مہم میں شرکت۔خیبرپختونخو امیں35 لاکھ پودے لگائے گئے

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی ریگی للمہ ٹاﺅن اور باچا خان ایئر پورٹ پشاورمیں ٹائیگر فورس شجرکاری مہم میں شرکت۔ ٹائیگر فورس ڈے کے موقع پر خیبرپختونخو امیں35 لاکھ پودے لگائے گئے ٹائیگر فورس کی استعداد کار اور ولولہ قابل ستائش ہے ، وزیراعلیٰ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے ریگی للمہ ٹاﺅن اور باچا خان ایئر پورٹ پشاور میں ٹائیگر فورس ڈے کے حوالے سے منعقدہ شجرکاری مہم میں شرکت کی ۔ اُنہوںنے پودے لگا کر مہم کا باضابطہ اجراءکیااور کہاکہ گرین پاکستان وژن کے مطابق خیبرپختونخوا کو سرسبز و شاداب بنانے کیلئے کوشاں ہیں، رواںپانچ سالوں کے دوران صوبہ بھر میں ایک ارب 20 کروڑ سے زائد پودے لگائے جائیں گے ۔ ریگی للمہ ٹاﺅن میں ٹائیگر فورس شجرکاری مہم کے اجراءکی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے محمود خان نے کہا کہ ٹائیگر فورس ڈے کی مناسبت سے شجرکاری مہم میں شریک لوگوں کے جذبات خصوصی طور پر ٹائیگر فورس کے جوانوں کا ولولہ قابل ستائش ہے ۔ صوبے کے عوام اور صوبائی حکومت کیلئے شجرکاری کوئی نیا اقدام نہیں ہے ، ہم پچھلے پانچ سالوں میں صوبے میں ایک ارب 20 کروڑ پودے لگانے کا کامیاب تجربہ کر چکے ہیں، جس کو دُنیا بھر میں پذیرائی ملی ہے ۔ قومی سطح پر 10 بلین ٹری سونامی منصوبے کے تحت خیبرپختونخو امیں مزید ایک ارب 20 کروڑ سے زائد پودے لگانے کا ہدف ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبہ بھر میں شجرکاری زور و شور سے جاری ہے ، ٹائیگر فورس کی شجرکاری میں شرکت خوش آئند ہے ، ہم ٹائیگر فورس کے جوانوں کی استعداد کار سے بھر پور فائدہ اُٹھائیں گے اور عوامی فلاح کے دیگر منصوبوں میں بھی ٹائیگر فورس کی خدمات سے استفادہ کریں گے ۔ ٹائیگرفورس ڈے کے موقع پر صوبے کے 853 مقامات پر شجرکاری مہمات کا انعقاد کیا گیا ، جن کے تحت صرف پشاور ڈویژن میں 10 لاکھ جبکہ صوبے کے باقی ڈویژنز میں 25 لاکھ پودے لگائے گئے ۔ صوبائی کابینہ کے اراکین ، سنییٹرز ، اراکین صوبائی اسمبلی نے اپنے اپنے حلقوں میں شجرکاری مہمات کی قیادت کی ۔ قبل ازیں باچا خان ایئر پورٹ پشاور میں شجرکاری کے موقع پر وزیراعلیٰ کو بریفینگ دیتے ہوئے ایئر پورٹ منیجر عبید الرحمن عباسی نے بتایا کہ وزیراعظم کے وژن کے مطابق پاکستان سول ایوایشن اتھارٹی نے بھی سرسبز پاکستان شجرکاری مہم کا اجراءکیا ہے۔ باچا خان ایئر پورٹ پر گرین بیلٹ ایک ماہ میں مکمل کرلیا جائے گا۔ رواں سیزن کے دوران سیدو شریف ایئر پور ٹ ، پاراچنار ایئر پورٹ ، بنوں ایئر پورٹ اور ڈی آئی خان ایئر پورٹ پر بھی شجرکاری جاری رہے گی ۔ مہم کے دوران مختلف ایئر پورٹس پر مجموعی طور پر 3 ہزار سے زائد پودے لگائے جائیں گے ۔صوبائی وزراءاشتیاق ارمڑ، تیمور سلیم جھگڑا، معاون خصوصی کامران بنگش، ایم پی اے پیر فدا ، سیکرٹری جنگلات ، کمشنر پشاور ،محکمہ لوکل گورنمنٹ، پی ڈی اے اور دیگر متعلقہ محکموں کے اعلیٰ حکام ، ٹائیگرفورس کے جوانوں اور کثیر تعداد میں مردو خواتین نے تقریب میں شرکت کی اور شجرکاری میں حصہ لیا۔