News Details

12/08/2020

خیبرپختونخوا ریونیو اتھارٹی نے کورونا وباءکی مشکل صورتحال کے باوجود گزشتہ مالی سال کے دوران سالانہ ریونیو میں خاطر خواہ اضافہ کرلیا ہے

خیبرپختونخوا ریونیو اتھارٹی نے کورونا وباءکی مشکل صورتحال کے باوجود گزشتہ مالی سال کے دوران سالانہ ریونیو میں خاطر خواہ اضافہ کرلیا ہے ۔ مالی سال 2018-19 کے مقابلے میں مالی سال 2019-20 کے دوران کیپرا کے ریونیو کلیکشن میں 65 فیصد اضافہ ہوا ہے ۔ مالی سال2018-19 کے دوران کیپرا نے 10.41 ارب روپے کا ریونیو اکھٹا کیا تھا جس کے مقابلے میں گزشتہ مالی سال کے دوران 17.20 ارب روپے کا ریونیو اکھٹا کیا گیا ۔ رواں مالی سال کیلئے کیپرا نے 20 ارب روپے سے زائد کا ریونیو اکھٹا کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے اور قوی اُمید ہے کہ رواں سال کے آخر تک مقررہ ہدف سے زیادہ ریونیو اکھٹا کیا جائے گا۔ یہ بات وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی زیر صدارت خیبرپختونخوا ریونیو اتھارٹی کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ ایک اجلاس میں بتائی گئی ۔ اجلاس کو گزشتہ سال کے دوران کیپرا کی مجموعی کارکردگی کے علاوہ مستقبل کے اہداف کے حصول کو یقینی بنانے اور اس مقصد کیلئے کیپرا میں مجوزہ قانونی اور انتظامی اصلاحات کے مختلف پہلوﺅں کے بارے میں تفصیلی بریفینگ دی گئی جن میں ادارے کے کام کی شعبہ جاتی اور جغرافیائی توسیع ، ادارے کیلئے الگ اور مخصوص ایکٹ کی تیاری ، ٹیکس دہندگان کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی وغیرہ شامل ہیں۔ صوبائی وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا، سیکرٹری خزانہ عاطف رحمان اور ڈائریکٹر جنرل کیپرا فیاض علی شاہ کے علاوہ دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ ادارے نے گزشتہ مالی سال کے دوران پہلے سے نافذ ٹیکسزکی شرح میں اضافہ کئے بغیر سالانہ ریونیو میں خاطر خواہ اضافہ کیا ہے جو ادارے کی سمارٹ ٹیکس کلیکشن سسٹم کی بدولت ممکن ہوا ہے ۔ مزید بتایا گیا کہ صوبائی حکومت کے مجموعی ریونیو کا 50 فیصد حصہ کیپرا اکھٹا کر رہی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کیپرا کی مجموعی کارکردگی پر اطمینان کا اظہا ر کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو اس کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے اور اسے آزادانہ طور پر چلانے کیلئے ادارے کیلئے ایک الگ ایکٹ بنانے پر کام تیز کرنے کی ہدایت کی ۔ واضح رہے کہ فی الوقت کیپرا فنانس ایکٹ کے تحت کام کر رہی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کیپرا کو ایک متحرک ادارہ بنانے پر اتھارٹی کے حکام کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ امر انتہائی خوش آئند ہے کہ یہ ادارہ اُن مقاصد کے حصول میں کامیابیاں حاصل کر رہی ہے جن کے لئے اس کا قیام عمل میں لایا گیا تھا ۔ اُنہوںنے اُمید ظاہر کی کہ آنے والے دنوں میں یہ ادارہ مزید بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرے گا ۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کیپرا کے سابق ڈائریکٹر جنرل طاہر اورکزئی اور موجودہ ڈائریکٹر جنرل فیاض علی شاہ کو بہترین کارکردگی پر تعریفی اسناد دیں۔