News Details

14/08/2020

یوم آزادی کے موقع پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کا پیغام

یوم آزادی کے موقع پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کا پیغام وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ پاکستان کا قیام لاکھوں مسلمانوں کی قربانیوں کا نتیجہ ہے جن کی وجہ سے آج ہم پر امن فضا میں قومی ترقی و خوشحالی کیطرف گامزن ہیں۔ یہ بلاشبہ ہمارے اسلاف کا ہم پر ایک عظیم احسان ہے، اس لئے اب اس مملکت خداد کو صحیح معنوں میں ایک فلاحی ریاست اور ترقیافتہ ملک بنانا، ہم سب کا اجتماعی فریضہ ہے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے یوم آزادی کے حوالے سے یہاں سے جاری اپنے پیغام میں کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر پوری قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وطن سے محبت کا اولین تقاضا ہے کہ ہم علاقائی ، نسلی اورلسانی تمام تر امتیازات کو پس پشت ڈالتے ہوئے ملک کی سالمیت و ترقی کیلئے یکجاں ہو جائیں۔ ہم آزادی کیلئے پیش کی گئی لاکھوں قربانیوںکی قیمت تو نہیں چکاسکتے البتہ آزادی کے حقیقی مقاصد حاصل کرکے اپنے اسلاف کے خواب کو شرمندہ تعبیر کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خوش قسمتی سے پاکستانی قوم کو کئی دہائیوں کے بعد عمران خان کی شکل میں ایک مخلص اور نڈر قیادت میسر آئی ہے جو پاکستان کو بحرانوں سے نکالنے کی بھر پور صلاحیت رکھتا ہے اور قیام پاکستان کے حقیقی مقاصد کے حصول کیلئے گامزن ہے۔ قوم کو چاہیئے کہ وہ عمران خان کا ساتھ دیں تاکہ ایک کامیاب اور فلاحی ریاست کا قیام ممکن ہو سکے۔ محمود خان نے کہاکہ موجودہ حکومت اداروں کو ان کے حقیقی دائرہ کارو اختیار کے مطابق فعال بنانے ،ملک کو داخلی ، خارجی اور مالی بحرانوں سے نکالنے اور معاشی استحکام کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے کیونکہ مالی خودکفالت اور معاشی استحکام ناقابل تسخیر قومی دفاع کیلئے ناگزیر ہے۔ انہوں نے اس موقع پر بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں جاری بد ترین لاک ڈاﺅن،بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور لائن آف کنٹرول پر مسلسل دراندازی کو انتہائی مذموم حرکت قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت اپنی حرکتوں سے باز آجائے۔ امن کیلئے ہماری خواہش اور کوششوں کو کمزور ی نہ سمجھے ، ہم جب آزادی حاصل کرسکتے ہیں تو آزادی کا دفاع کرنا بھی بخوبی جانتے ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر تحریک آزادی کے شہداءسمیت پاکستان کے دفاع و سلامتی کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے مسلح افواج، پولیس اور دیگر اداروں کے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ ہم ان قربانیوں کو رائیگاںنہیں جانیں دیں گے۔