News Details

02/09/2020

جنرل بس سٹینڈ پشاور کی شہر سے باہر منتقلی کیلئے منتخب اراضی کے حصول کا عمل دو ماہ کے اندر مکمل کرنے اور منصوبے کے لئے پی سی ون کی تیاری سمیت فیزیبیلٹی سٹڈی اورانجینئرنگ ڈیزائن پر کام تیز کرنے کی ہدایت

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے جنرل بس سٹینڈ پشاور کی شہر سے باہر منتقلی کیلئے منتخب اراضی کے حصول کا عمل دو ماہ کے اندر مکمل کرنے اور منصوبے کے لئے پی سی ون کی تیاری سمیت فیزیبیلٹی سٹڈی اورانجینئرنگ ڈیزائن پر کام تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ صوبائی دارالحکومت پشاور کی ترقی صوبائی حکومت کی اہم ترجیحات کا حصہ ہے، اس مقصد کیلئے شروع کئے گئے تمام میگا منصوبوں پر مقررہ ٹائم لائن کے مطابق پیشرفت یقینی بنائی جائے۔ان منصوبوں میں غیر ضروری تاخیر کی صورت میں ذمہ داروں کے خلاف کاروائی ہو گی۔ وہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں پشاور کے میگا ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے ایک اجلاس کی صدارت کررہے تھے ۔ وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے بلدیات کامران بنگش ، متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریز ، کمشنر پشاور ، جنرل منیجر این ایچ اے ، ڈائریکٹر جنرل پی ڈی اے، ڈپٹی کمشنر پشاور ، چیف ایگزیکٹیو آفیسر ٹرانز پشاور اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کو پشاور میں جاری اہم منصوبوں پر پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ دی گئی جن میں جنرل بس سٹینڈ کی شہر سے باہر منتقلی ، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ، رنگ روڈ کے باقی ماندہ حصوں کی تعمیر اور دیگر منصوبے شامل ہیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ جنرل بس سٹینڈ پشاور کو شہر سے باہر منتقل کیا جارہا ہے جس کے لئے رنگ روڈ پر جگہ کی نشاندہی کی جا چکی ہے۔ وزیراعلیٰ نے سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو اور دیگر متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ مجوزہ جگہ کا حصول دو ماہ کے اندر مکمل کیا جائے تاکہ منصوبے پر عملی کام کا آغاز ممکن ہو سکے۔ اس موقع پر اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ سٹیز امپرومنٹ پروجیکٹ (سی آئی پی) کے تحت پشاور کے مختلف علاقوں میںمتعدد منصوبوں پر عملدرآمد کیا جائیگا جن میں واٹر سپلائی نیٹ ورک کی تبدیلی ، شمشتو کے مقام پر سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سسٹم کی تعمیر ، کنزا کے مقام پر سیوریج ٹریٹمنٹ پلان کی تعمیر، حیات آباد فیز سیون میں پارک ، فیملی ایریاز، واکنگ ٹریکس اور فوڈ سٹریٹس کی تعمیر اور باغ ناران پارک کی توسیع و ترقی جیسے اہم منصوبے شامل ہیں۔ منصوبے کے تفصیلی انجینئرنگ ڈیزائن کی تیاری پر کام شروع ہے جو ایک ہفتے کے اندر مکمل کر لیا جائیگا۔ منصوبے کے تحت پشاور میں واٹر سپلائی پائپ لائن اور واٹر ٹینک کی تبدیلی پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے جس کے لئے پشاور کو چار مختلف زونز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کیلئے بھی شہر سے باہر جگہ کی نشاندہی کی جاچکی ہے۔ اجلاس کو رنگ روڈ کے (باقی ماندہ) ناردرن سیکشن ورسک روڈ تا ناصر باغ کی تعمیر کے منصوبے پر بھی پیش رفت سے آگاہ کیا گیا اور بتا یا گیا کہ اس منصوبے کی تعمیر ایک سال میں مکمل ہو گی۔ وزیراعلیٰ نے تمام منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو معیاری خدمات اور سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے۔ اس مقصد کے لئے شروع کئے گئے عوامی فلاح و سہولت کے جاری تمام منصوبوں پر واضح پیش رفت یقینی بنائی جائے تاکہ عوام ان منصوبوں سے جلد مستفید ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو سہولیات کی فراہمی کیلئے خطیر وسائل خرچ کر رہی ہے جن کے نتائج نظر آنے چاہئیں