News Details

26/10/2020

خیبر پختونخوا حکومت نے کوہاٹ ڈویژن کی پائیدار بنیادوں پر ترقی کے لئے کوہاٹ ڈویژن ڈیویلپمنٹ پراجیکٹ کے نام سے ایک جامع ترقیاتی پیکج تیار کر لیا ہے

خیبر پختونخوا حکومت نے کوہاٹ ڈویژن کی پائیدار بنیادوں پر ترقی کے لئے کوہاٹ ڈویژن ڈیویلپمنٹ پراجیکٹ کے نام سے ایک جامع ترقیاتی پیکج تیار کر لیا ہے اور توقع ہے کہ اگلے ہفتے اس پراجیکٹ کا باقاعدہ اجراءکیا جائے گا۔ پانچ سالہ یہ منصوبہ 15 ارب روپے کی خطیر رقم سے مکمل کیا جائے گا جس کے تحت کوہاٹ ڈویژن کے تین اضلاع کوہاٹ، کرک اور ہنگو میں مختلف شعبوں میں ترقیاتی منصوبے شروع کئے جائیں گے۔ ان شعبوں میں صحت، تعلیم، زراعت، آبپاشی، آبنوشی، روڈز اور دیگر سماجی شعبے شامل ہیں۔ یہ بات وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی زیر صدارت کوہاٹ ڈویژن کے ترقیاتی منصوبوں سے متعلق اجلاس میں بتائی گئی۔ وزیراعلیٰ کے مشیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ضیااللہ بنگش، وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے توانائی و بجلی حمایت اللہ خان، وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے اوقاف ظہور شاکر اور ایم این اے شاہد خٹک کے علاوہ چیف سیکرٹری شکیل قادر، وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری شہاب علی شاہ، سیکرٹری انرجی اینڈ پاور زبیر خان، کمشنر کوہاٹ اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کو کوہاٹ ڈویژن ڈیویلپمنٹ پراجیکٹ کے مختلف پہلوو ¿ں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیر اعلیٰ نے مذکورہ پراجیکٹ کو پورے کوہاٹ ڈویژن کی پائیدار بنیادوں پر ترقی کے لئے ایک سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ پراجیکٹ پر عملدرآمد سے علاقے کے لوگوں کی محرومیوں کا آزالہ ہوجائے گا اور علاقے میں ترقی و خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوجائے گا۔ انہوں نے حکام کو ہدایت کی کہ پراجیکٹ کے اجراءکی تیاریوں کو جلد سے جلد حتمی شکل دی جائے تاکہ اگلے ہفتے اس پراجیکٹ کا باقاعدہ اجراءکیا جاسکے۔ وزیر اعلیٰ نے حکام کو یہ بھی ہدایت کی کہ پراجیکٹ میں ترقیاتی اسکیمیں شامل کرنے کے عمل میں علاقے کے منتخب عوامی نمائندوں اور دیگر شراکت کی بھر پور مشاورت کو ہر لحاظ سے یقینی بنایا جائے اور ان اسکیموں کے انتخاب میں علاقے کے لوگوں کی ضروریات اور مسائل کو مد نظر رکھا جائے۔ وزیر اعلیٰ نے حکام کو یہ بھی ہدایت کی کہ پراجیکٹ کے تحت ترقیاتی اسکیموں کی متعلقہ فورمز سے منظوری کو کم سے کم ممکنہ وقت میں یقینی بنایا جائے اور ان منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لئے ابھی سے مناسب اقدامات اٹھائے جائیں۔ اجلاس کو بتایا کہ پراجیکٹ کے تحت کوہاٹ ڈویژن میں دیگر ترقیاتی کے علاوہ آبپاشی اور آبنوشی کے پانی کی فراہمی کے لئے 16 چھوٹے ڈیمز بھی تعمیر کئے جائیں گے۔ مزید بتایا گیا کہ پراجیکٹ کے لئے موجودہ مالی سال کے دوران 2.98 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پراجیکٹ کے تحت ابتدائی چار پی سی ونز متعلقہ فورمز سے منظور ہوچکے ہیں، پراجیکٹ پر عملدرآمد کے لئے پراجیکٹ ڈائریکٹر تعینات کر دیا گیا، اضلاع کی سطح پر پراجیکٹ کے اکاونٹس کھول دیے گئے ہیں جبکہ ضروری عملے کی بھرتی کے لئے اشتہار جاری کردیا گیا ہے۔