News Details

11/01/2021

خیبرپختونخوا ہائیر ایجوکیشن انڈ ومنٹ فنڈ اور چیف منسٹر ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ کے تحت گزشتہ پانچ سالوں کے دوران اعلیٰ تعلیم کے حصول کیلئے صوبے کے طلبہ کو مختلف کیٹگریزمیں10,276 سکالر شپس فراہم کی گئی ہیں

جن پرمجموعی طور پر 337.13 ملین روپے سے زائد کی لاگت آئی ہے۔چیف منسٹر ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈکے تحت بیرون ملک پی ایچ ڈی کیلئے سات طلباءکو سکالرشپس دی گئی ہیں جن پر 191 ملین روپے لاگت آئی ہے جبکہ ملک کے مختلف اعلیٰ تعلیمی اداروں میں انڈر گریجویشن کیلئے 74 اور گریجویشن کیلئے 39 سکالرشپس دی گئی ہیںجن کی مجموعی لاگت 51.42 ملین روپے ہے۔ اسی طرح ہائر ایجوکیشن انڈو منٹ فنڈ کے تحت صوبے کے سرکاری کالجوں میں بی ایس کے طلبہ کو 10,156 سکالرشپس دی گئی ہیں جن پر 95.13 ملین روپے خرچ ہوئے ہیں۔ یہ بات پیر کے روز وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی زیر صدارت خیبرپختونخوا ہائیر ایجوکیشن سکالرشپ انڈومنٹ فنڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ایک اجلاس میں بتائی گئی۔ وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے اعلیٰ تعلیم کامران بنگش ، سیکرٹری اعلیٰ تعلیم محمد داﺅد خان اور سیکرٹری عاطف رحمان کے علاوہ بورڈ آف ڈائریکٹرز کے دیگر ممبران اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔ اجلاس کے شرکاءکو سکالرشپ انڈو منٹ فنڈ کے تحت گزشتہ چار سالوں کے دوران طلبہ کو فراہم کئے گئے سکالرشپ کی تفصیل کے علاوہ انڈومنٹ فنڈ کے مالی و انتظامی اُمور اور دیگر متعلقہ معاملات سے متعلق بریفینگ دی گئی ۔ اجلاس میں اعلیٰ تعلیم کے حصول کیلئے طلبہ کوسکالرشپس کی فراہمی کیلئے تعلیمی اداروں کے چناﺅ سے متعلق اُمور زیر بحث آئے اور فیصلہ کیا گیا کہ سکالرشپس کیلئے اعلیٰ تعلیمی اداروں کے چناﺅ کے طریقہ کار کو بہتر بنانے اور اسے عصری تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کیلئے ضروری ترامیم صوبائی کابینہ کو منظوری کیلئے پیش کی جائیں گی ۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے صوبے کے نادار اور معذور طلبہ کے تعلیمی اخراجات سرکاری سطح پر اُٹھانے کیلئے ایک الگ فنڈ کے قیام کا اُصولی فیصلہ کرتے ہوئے محکمہ اعلیٰ تعلیم کے حکام کو ہدایت کی کہ وہ اس سلسلے میں طریقہ کار وضع کرکے منظوری کیلئے پیش کریں۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو یہ بھی ہدایت کی کہ سکالرشپ انڈومنٹ فنڈ کے بارے میں طلبہ کو زیادہ سے زیادہ معلومات کی فراہمی کیلئے آگہی مہم چلائی جائے تاکہ تمام طلبہ کو اس سہولت سے استفادہ کرنے کے یکساں مواقع مل سکیں۔ اجلاس میں ہائیر ایجوکیشن سکالرشپ انڈومنٹ فنڈ کے انتظامی اور آپریشنل اخراجات کیلئے بجٹ کی بھی منظوری دے دی گئی