News Details

16/02/2021

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان سے صوبائی کابینہ کے اراکین نے منگل کے روز وزیر اعلی ہاوس پشاور میں ملاقات کی اور آنے والے سینٹ انتخابات سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان سے صوبائی کابینہ کے اراکین نے منگل کے روز وزیر اعلی ہاوس پشاور میں ملاقات کی اور آنے والے سینٹ انتخابات سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔ کابینہ اراکین میں تیمور سلیم جھگڑا، اکبر ایوب، شوکت یوسفزئی ، اشتیاق ارمڑ، کامران بنگش، ضیااللہ بنگش اور ریاض خان شامل تھے۔ اس موقع پر کابینہ اراکین نے سینیٹ انتخابات کے لئے پارٹی کے نظریاتی اور مخلص کارکنوں کی نامزدگیوں پر مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ٹکٹس دینے کے سلسلے میں پارٹی قیادت خصوصا وزیر اعظم عمران اور وزیر اعلی محمود خان کے فیصلے کو سراہا اور کہا کہ میرٹ کی بنیاد پر پارٹی ٹکٹس کی تقسیم سے پارٹی کارکنوں کی بہت زیادہ حوصلہ افزائی ہوئی ہے اور پارٹی ورکزز نے اس کا خیر مقدم کیاہے۔ کابینہ اراکین سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف صحیح معنوں میں ایک جمہوری پارٹی ہے جو میرٹ کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے، جس میں مخلص اور نظریاتی کارکنوں کو عزت دی جاتی ہے اور سینیٹ انتخابات کے لئے میرٹ کی بنیاد پر پارٹی ٹکٹس کی تقسیم اس بات کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف دیگر انتخابات کی طرح سینٹ انتخابات کے انعقاد کو بھی مکمل طور صاف اور شفاف بنانے پر یقین رکھتی ہے اور ہم اسلسلے میں شو آف ہینڈز کے ذریعے سینٹ انتخابات کے انعقاد کے لئے وزیر اعظم عمران خان کے موقف کی مکمل تائید کرتے ہیں جو اس ملک میں جمہوریت اور جمہوری اداروں کے استحکام کے لئے نہایت ضروری ہے۔ وزیر اعلی نے کہا کہ حزب اختلاف کی طرف سے شو آف ہینڈز کے ذریعے سینٹ انتخابات کی مخالفت سے یہ بات واضح ہے کہ اپوزیشن والے انتخابی عمل میں شفافیت نہیں چاہتے اور ایسے اہم قومی معاملات میں بھی بدعنوانیوں کا تسلسل چاہتے ہیں جو قابل افسوس ہے۔