News Details

26/02/2021

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے جمعرات کے روزوزیراعلیٰ ہاوس کے لان میں زیتون کا پودا لگا کر شجر کاری مہم برائے سال 2021کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے

خیبرپختونخوا میں موسم بہار کی شجر کاری مہم برائے سال 2021 کا آغاز کردیا گیا۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے جمعرات کے روزوزیراعلیٰ ہاوس کے لان میں زیتون کا پودا لگا کر مہم کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ شجرکاری کے حوالے سے قومی سطح پر مقررہ اہداف کا حصول ممکن ہو سکے ۔ اُنہوںنے کہاکہ خیبرپختونخوا کی صوبائی حکومت گزشتہ پانچ سالوں میں ایک ارب پودے اُگانے کا ہدف پورا کر چکی ہے جسے قومی اور بین الاقوامی سطح پر زبردست پذیرائی ملی ہے ۔ اُنہوںنے کہاکہ قومی سطح پر 10 ارب پودے اُگانے کی مہم کے تحت خیبرپختونخوا میں مزید ایک ارب پودے اُگائے جارہے ہیںجس میں متعلقہ اداروں ، نجی تنظیموں اور عوام و خواص کو بڑھ چڑھ کر کردار اادا کرنے کی ضرورت ہے ۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ قومی سطح پر شجرکاری کا مذکورہ منصوبہ ماحولیاتی تبدیلی کے مضر اثرات سے نمٹنے ، جنگلات کی دیر پا بنیادوں پر ترقی ، ذرائع روزگار کی فراہمی ، جنگلات کے رقبے میں اضافے جیسی اہم ضروریات اور اہداف کو مدنظر رکھ کر ڈیزائن کیا گیا ہے جس کی متعلقہ قومی و بین الاقوامی اداروں کی طرف سے مسلسل نگرانی کی جارہی ہے تاکہ شفاف اور موثر انداز میں مطلوبہ اہداف حاصل کئے جا سکیں۔ بعدازاں وزیراعلیٰ کو صوبے میں شجرکاری کے حوالے سے اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا گیا کہ موسم بہار کی رواں شجرکاری مہم کے دوران صوبے میں 250 ملین سے زائد پودے لگائے جائیں گے ۔ یہ شجرکاری مہم قومی سطح پر 10بلین ٹری پراجیکٹ کے سلسلے کی کڑی ہے جس کے تحت مالی سال 2020-21 کے دوران صوبے میں مجموعی طور پر 382ملین سے زائد پودے لگانے کا ہدف رکھا گیا ہے ۔ اس موقع پر آگاہ کیا گیا کہ گزشتہ سال مون سون کی شجرکاری مہم کے دوران صوبے میں 132 ملین سے زائد پودے لگائے گئے تھے جبکہ مجموعی طور پر منصوبے کے تحت اب تک تقریباً 300 ملین پودے لگائے جا چکے ہیں ۔ وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا گیا کہ صوبے میں زیتون کی شجرکاری پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے، پانچ سالہ منصوبے کے تحت صوبے میں30 ہزار ایکٹر رقبے پر زیتون کے 40 لاکھ پودے لگانے جبکہ 20 لاکھ قلم کاری کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔ زیتون کی قلم کاری کے منصوبے کی تکمیل سے 10 سالوں میں 27 ارب روپے کی آمدن متوقع ہے ۔ صوبے بھر بشمول ضم اضلاع میں قلم کاری کیلئے زیتون کے 73 ملین پودے دستیاب ہیں۔