News Details

05/03/2021

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کا اگلے مہینے کے وسط تک بالا کوٹ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھنے کا فیصلہ

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے اگلے مہینے کے وسط تک بالا کوٹ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھنے کا فیصلہ کرتے ہوئے توقع ظاہر کی ہے کہ وزیراعظم عمران خان خود قومی اہمیت کے حامل اس منصوبے کاسنگ بنیاد رکھیں گے۔ وزیراعلیٰ نے محکمہ بجلی و توانائی کے حکام کو ہدایت کی ہے کہ اس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کے لئے تمام پیشگی تیاریوں اور انتظامات کو بروقت حتمی شکل دی جائے۔ وہ گزشتہ روز مذکورہ منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کے سلسلے میں تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ وزیراعلیٰ کے مشیر برائے توانائی حمایت اللہ خان ، سیکرٹری توانائی زبیر خان، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری شہاب علی شاہ، چیف ایگزیکٹیو آفیسر پیڈو اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ متعلقہ حکام کی طرف سے وزیراعلیٰ کو اس منصوبے پر عملی کام کے آغازکے حوالے سے اب تک پیشرفت اور دیگر متعلقہ اُمور پر بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کے لئے تمام تیاریاں تقریباً مکمل ہیں، منصوبے کا کنٹریکٹ ایوارڈ ہو چکا ہے، منصوبے کے کنٹریکٹ اگریمنٹ پر جلد دستخط کئے جائیں گے جس کے بعد کنٹریکٹر منصوبے پر عملی کام شروع کرے گا۔ 300میگاواٹ پیداواری استعداد کا یہ پاور اسٹیشن ایشیائی ترقیاتی بینک کی مدد سے ضلع مانسہرہ میں دریا ئے کنہار پر تعمیر کیا جارہا ہے جس کا تخمینہ لاگت 85 ارب روپے ہے۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ منصوبے کے لئے درکار زمین کی خریداری کا عمل جاری ہے جسے جلد مکمل کرنے کے لئے محکمہ متعلقہ ضلعی انتظامیہ کے ساتھ کوارڈینیشن میں ہے۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو بھی ہدایت جاری کی کہ منصوبے کے لئے درکار زمین کی خریداری کا عمل جلد سے جلد مکمل کرکے زمین محکمہ توانائی کوحوالے کرنے کیلئے ضروری اقدامات اٹھائے جائیں اور اس بات کو یقینی بنائے کہ زمین کی خریداری کا سارا عمل بروقت مکمل ہو۔ اس منصوبے کو صوبے میں توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے ایک اہم منصوبہ قرار دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ منصوبے پر عملی کام کے آغا ز میں تاخیر کی گنجائش نہیں۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت صوبے میں موجود پن بجلی پیدا کرنے کے مواقع سے بھر پور استفادہ کرکے صوبے کی توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے، صنعتی سرگرمیوں کو فروغ دینے اور لوگوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لئے ایک جامع منصوبہ بندی کے تحت اقدامات اٹھا رہی ہے اور ان منصوبوں کی تکمیل سے یہ صوبہ بجلی کی پیداوار میں خود کفیل ہو جائے گا۔ نیپرا کی طرف سے صوبائی حکومت کواپنی ٹرانسمیشن اور گرڈ کمپنی قائم کرنے کے لئے لائسنس کے اجراءکو اہم پیشرفت اور تونائی کے شعبے میں صوبائی حکومت کی بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹرانسمیشن اینڈ گرڈ کمپنی کے قیام سے صوبائی حکومت اپنی بجلی کی پیداوار کو رعایتی نرخوں پر مقامی صنعتوں کو فراہم کرنے کے قابل ہو جائے گی جس سے یہاں صنعتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔ وزیراعلیٰ نے ٹرانسمیشن اینڈ گرڈ کمپنی کے لئے لائسنس کے حصول کے سلسلے میں محکمہ توانائی کی پوری ٹیم کی کوششوں کو سراہا۔