News Details

26/04/2021

وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے اتوار کے روز بغیر کسی پروٹوکول اچانک سنٹرل جیل پشاور کا دورہ کیا

وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے اتوار کے روز بغیر کسی پروٹوکول اچانک سنٹرل جیل پشاور کا دورہ کیا۔ انہوں نے جیل کے لنگر خانے کا معائنہ کرکے وہاں پر قیدیوں کے لئے تیار کیے جانے والے کھانوں کے معیار اور صفائی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ وزیر اعلی نے لنگر خانے میں صفائی کی ناقص صورتحال پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے لنگر خانے کے انچارج کو فوری طور پر معطل کرنے کے احکامات جاری کئے جبکہ ڈیوٹی پر موجود اسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ جیل کو وارننگ دیتے ہوئے صفائی کی صورتحال بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ وزیر اعلی نے جیل کے ہسپتال کا بھی دورہ کیا اور وہاں پر قیدیوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا بھی جائزہ لیا۔ قیدیوں کو فراہم کی جانے والی علاج معالجے کی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلی نے اسے مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر وہ قیدیوں سے بھی ملاقات کی اور ان سے جیل میں فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے معلومات حاصل کیں۔ بعض قیدیوں نے وزیر اعلی کو بتایا کہ وہ اپنی مدت قید پوری کرچکے ہیں لیکن جرمانے کی رقم ادا نہ کر سکنے کی وجہ سے انہیں رہائی نہیں مل رہی۔ جس پر وزیر اعلی نے ایسے تمام قیدیوں کے جرمانے اپنی جیب سے ادا کرنے کا اعلان کرتے ہوئے سپرنٹنڈنٹ جیل کو ایسے تمام قیدیوں کی تفصیلات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ وزیر اعلی نے جیل حکام کو ہدایت کی کہ رمضان کے مہینے میں قیدیوں کو سحری اور افطاری میں معیاری اور صاف ستھرے کھانوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے، قیدیوں کو معیاری سہولیات کی فراہمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت قیدیوں کو کارآمد شہری بنانے کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھا رہی ہے۔