News Details

04/05/2021

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی زیر صدارت فارن فنڈڈ پروگرامز سے متعلق اعلی سطح کا ایک اجلاس پیر کے روز منعقد ہوا

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی زیر صدارت فارن فنڈڈ پروگرامز سے متعلق اعلی سطح کا ایک اجلاس پیر کے روز منعقد ہوا جس میں فارن فنڈڈ پروگرام کے تحت صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوںپر پیشرفت کے علاوہ اگلے دو سالوں کے دوران شروع کئے جانے والے نئے منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں اگلے دو سالوں کے دوران فارن فنڈڈ پروگرام کے تحت صوبے میں معاشی بحالی، روزگار کے مواقع، غربت کے خاتمے اور مواصلات کے شعبوں میں متعدد منصوبے شروع کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور عمر ایوب، صوبائی کابینہ اراکین شوکت یوسفزئی، تیمور سلیم جھگڑا، اکبر ایوب، ریاض خان کے علاوہ وفاقی و صوبائی حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ صوبے میں فارن فنڈنگ کے تحت 2618 ملین ڈالر کے 23 مختلف منصوبوں پر پیشرفت جاری ہے جن میں خیبرپختونخوا ہائیڈرو پاور اینڈ قابل تجدید توانائی، فاٹا انفراسٹرکچر پروجیکٹ، کے پی ایجوکیشن سیکٹر پروگرام، خیبر پختونخوا تعمیر نو پروگرام، خیبر پاس اکنامک کوریڈور، سوشل ہیلتھ پروٹیکشن، کے پی ڈیجیٹل جوبز، فاٹا گورننس اینڈ پالیسی و دیگر قابل ذکر ہیں۔مزید بتایا گیا کہ 2451 ملین ڈالر مالیت کے کل 27 منصوبے پائپ لائن میں ہیں جن میں بالاکوٹ ہائیڈرو پاور ڈویلپمنٹ، کرم تنگی واٹر ریسورسسز پروجیکٹ، خیبر پختونخوا سٹیز ایمپرومنٹ پروجیکٹ، خیبر پختونخوا رورل روڈز ڈویلپمنٹ پروجیکٹ، مہمند ڈیم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ، رورل اکنامک ٹرانسفارمیشن پراجیکٹ سمیت دیگر اہم منصوبے شامل ہیں۔اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ اگلے دو سالوں کے اندر صوبے میں پانچ ہزار کلومیٹر تک فارمز ٹو مارکیٹ روڈز کی تعمیر کے منصوبے شروع کرنے کے علاو ¿ہ آبپاشی کے نظام کو بہتر بنانے اور نہروں کی تعمیر کے منصوبے بھی شروع کئے جائیں گے۔ جبکہ سبزیوں اور پھلوںکو محفوظ بنانے کے لئے کولڈ اسٹوریج بھی تعمیر کئے جائیں گے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ غربت کے خاتمے اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے چھوٹے کاروبار کرنے والوں کو قرضے دیئے جائیں گے۔ اس کے علاو ¿ہ شہری اور دیہی علاقوں میں پینے کے پانی کے نظام کی بہتری کے لئے بھی متعدد منصوبے شروع کئے جائیں گے۔ صوبائی حکومت ان شعبوں میں قابل عمل منصوبوں کی نشاندہی کرے گی اور مزید پیشرفت کے لئے اقتصادی امور ڈویژن کو ارسال کرے گی۔ اسی طرح ضم اضلاع میں سیاحت کے فروع اور پن بجلی گھروں کے منصوبوں پر خاص توجہ دی جائے گی جبکہ ضم اضلاع میں بجلی کی ترسیل اور تقسیم کے نظام کو بہتر بنانے کے لئے بڑا منصوبہ شروع کیا جائے گا۔ صوبے کے گنجان آباد اضلاع میں بہتر شہری سہولیات اور خدمات کی فراہمی کے لئے سٹیز امپرومنٹ پراجیکٹس شروع کئے جائیں گے۔ اجلاس میں ان مجوزہ منصوبوں پر عملی پیشرفت کو یقینی بنانے کے لئے اقتصادی امور ڈویژن اور صوبائی حکومت کے متعلقہ حکام ماہانہ جائزہ اجلاس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس مہینے کے آخر تک خیبر پختونخوا میں ڈونر فنڈڈ منصوبوں سے متعلق ڈونر کانفرنس منعقد کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ فارن فنڈنگ پروگرام کے تحت منصوبوں پر عمل درآمد کے سلسلے میںدیگر تمام صوبوں کی نسبت خیبرپختونخوا حکومت کی کارکردگی سب سے اچھی رہی ہے ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کوہدایت کی کہ فارن فنڈنگ پروگرام کے تحت نئے منصوبوں میں ضم شدہ قبائلی کے ساتھ ساتھ صوبے کے کم ترقیافتہ بندوبستی اضلاع کو بھی خصوصی توجہ دی جائے ۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور بعض منصوبوں کی پیشرفت کی راہ میں حائل روکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے وفاقی اور صوبائی محکموں کی سطح پر ضروری اقدامات اُٹھانے کی ہدایت کی ۔