News Details

07/05/2021

عید الفطر کے موقع پر کورونا وباءکے مزید پھیلاﺅ کو روکنے کیلئے ایک اہم قدم کے طور پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے اراکین صوبائی کابینہ اور پارلیمانی سیکرٹریوں کے اپنے حلقوں اور حجروں میں لوگوں سے عید ملنے اور دیگر میل جول پر پابندی عائد کردی ہے

۔ وزیراعلیٰ نے تمام صوبائی وزراء، مشیروں ، معاونین خصوصی ، پارلیمانی سیکرٹریوں اور ممبران صوبائی اسمبلی کو ہدایت کی ہے کہ وہ عوام الناس کے تحفظ کیلئے عید الفطر کے موقع پر اپنے حلقہ ہائے نیابت میں حجروں اور دیگر مقامات پر لوگوں سے عید ملنے جیسی سرگرمیوں سے گریز کریں اور عید کیلئے حکومت کی طرف سے جاری کردہ ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ نے اس سلسلے میں باقاعدہ ہدایت نامہ جاری کردیا ہے ۔ وزیراعلیٰ محمود خان نے کہاہے کہ عید الفطر کے موقع پر کورونا وباءکے مزید پھیلنے کا خدشہ ہے جس کے پیش نظر اراکین صوبائی کابینہ اور ممبران صوبائی اسمبلی وسیع تر عوامی مفاد میں ایسی تمام سرگرمیوں سے گریز کریں تاکہ عید کے موقع پر اس وباءکے بڑے پیمانے پر متوقع پھیلاﺅ کو روکا جا سکے اور اس مہلک وباءسے شہریو ں کی زندگیوں کو محفوظ بنایا جا سکے ۔