News Details

13/05/2021

عید الفطر کے موقع پر وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان کا پیغام

وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے عیدالفطر کے پر مسرت موقع پر پوری قوم بالخصوص خیبر پختونخوا کے عوام کو مبارک دیتے ہوئے کہا ہے کہ عید الفطر اسلامی تہذیب و ثقافت اور دینی روایات کی اہم علامت ہے جو ہمیں ایثار ہمدردی، تقوی اور پرہیز گاری کا درس دیتا ہے اور یہ دن عطا کرنے پر ہمیں اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنا چاہیے۔ عید الفطر کی مناسبت سے یہاں سے جاری اپنے ایک پیغام وزیر اعلی نے کہا کہ عید کی حقیقی خوشیاں ہم تبھی سمیٹ سکتے ہیں جب ہم اپنے اردگرد ضرورت مند اور مستحق لوگوں کو عید کی خوشیوں میں شریک کریں۔ انہوں نے تمام مخیر اور صاحب ثروت حضرات سے اپیل کی ہے کہ وہ اس عید کے موقع پر اپنے اردگرد نادار لوگوں اور کمزور طبقوں کا خاص خیال رکھیں کیونکہ کورونا کی موجودہ صورتحال میں اس چیز کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ ہے۔ وزیر اعلی شہریوں سے پر زور اپیل کی ہے کہ وہ کورونا وبا کی تشویشناک صورتحال کے پیش نظر عید الفطر انتہائی سادگی سے منائیں، ایک دوسرے سے عید ملنے گریز کریں، عید کی تعطیلات اپنے گھروں میں گزاریں، ماسک کا استعمال یقینی بنائیں، سماجی فاصلوں کے اصولوں پر عمل کریں اور دیگر آحتیاطی تدابیر پر سختی عملدرآمد کو یقینی بنائیں تاکہ اس مہلک وبا کے بڑے پیمانے پر پھیلاو کو روکا جاسکے۔ وزیر اعلی نے اس موقع پر اپنے اہل خانہ سے دور ملکی سرحدوں کی حفاظت پر مامور سکیورٹی فورسز کے جوانوں، ہسپتالوں میں کورونا مریضوں کے علاج معالجے کے لئے فرنٹ لائن پر خدمات انجام دینے والے طبی عملے اور معمول کی ڈیوٹیاں سرانجام دینے والے پولیس اہلکاروں کو عید الفطر کی خصوصی مبارکباد دی ہے