News Details

20/05/2021

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ پاک چین سفارتی تعلقات سات دہائیوں پر محیط ہیں

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ پاک چین سفارتی تعلقات سات دہائیوں پر محیط ہیں اور اس دوران دونوں ممالک نے جس طرح باہمی تعلقات کو فروغ دیا ہے اس کی دنیا میں مثال نہیں ملتی۔ پاک چین دوستی کو نہ صرف حکومتی بلکہ عوامی سطح پر بھی سمندر سے گہری ، شہد سے میٹھی اور ہمالیہ سے بلند قرار دیا جاتا ہے۔ پاک چین دوستی نے خطے میں طاقت کے توازن کو برقرار رکھنے میں ایک اہم کردار ادا کیا ہے ۔ پاک چین سفارتی تعلقات کی 70 ویں سالگرہ کے موقع پر یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے دونوں ممالک کے عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے سفارتی تعلقات نے روایتی سفارتکاری کی بجائے دونوں ممالک کے تعلقات کو دوستانہ اور پائیدار بنیادوں پر استوار کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں موجودہ حکومت پاک چین دوستی کو ایک نئی جہت دینے کی کوششوں میں مصروف ہے۔ چائنہ پاک اقتصادی راہداری دونوں ممالک کے دوستانہ تعلقات کا سب سے بڑا مظہرہے، یہ منصوبہ پاکستان کی معاشی و اقتصادی ترقی کا ایک شاندار منصوبہ ہے جسے بلا شبہ گم چینجز کہا جا سکتا ہے۔ خیبرپختونخوا میں سی پیک کے تحت متعدد میگا پراجیکٹس پر کام جاری ہے جن کی تکمیل سے اس خطے اور یہاں کے عوام کی تقدیر بدل جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے اس یقین کا اظہارکیا ہے کہ آنے والے سالوں میں دونوں ممالک کے درمیان عوامی سطح پر رابطوں کو مزید مضبوط بنایا جائے گا تاکہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو ایک نیا عروج مل سکے ۔