News Details

29/05/2021

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے خوازخیلہ بشام ایکسپریس وے منصوبے کی فیزیبلٹی کروانے کا اصولی فیصلہ کرلیا۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے خوازخیلہ بشام ایکسپریس وے منصوبے کی فیزیبلٹی کروانے کا اصولی فیصلہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس ایکسپریس وے کی تعمیر ضلع شانگلہ کے عوام کا دیرینہ مطالبہ اور وقت کی اہم ضرورت ہے جس پر فیزیبلٹی رپورٹ کی روشنی میں مزید پیشرفت کی جائے گی۔وہ گزشتہ روز صوبائی وزیر محنت و ثقافت شوکت یوسفزئی سے گفتگو کر رہے تھے جس نے ان کے دفتر میں ان سے ملاقات اور ضلع شانگلہ میں ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاح و بہبود سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔ صوبائی وزیر محنت شوکت یوسفزئی نے وزیراعلیٰ سے علاقے کے لوگوں کو درپیش سفری مشکلات کے پیش نظر بشام ایکسپریس وے منصوبے کی فیزیبلٹی کروانے کی درخواست کی جس پر وزیر اعلیٰ محمود خان نے اس منصوبے پر عملدرآمد کے لئے فیزیبلٹی کروانے کا اصولی فیصلہ کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو اس سلسلے میں ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔ خوازہ خیلہ بشام ایکسپریس وے کے مجوزہ منصوبے کو علاقے کی ترقی کے لئے انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے وزیر اعلی نے کہا صوبائی حکومت ضلع شانگلہ میں سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ دے کر علاقے کے نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے اور علاقے کی پسماندگی دور کرنے کیلئے انتہائی سنجیدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے تمام اضلاع کو یکساں بنیادوں پر ترقی دینے کے لیے ایک مربوط حکمت عملی کے تحت اقدامات اٹھا رہی ہے اور صوبائی حکومت کے ان اقدامات کے نتیجے میں پسماندہ علاقوں کی محرومیوں کا آزالہ ہوجائے گا اور انہیں ترقی کے میدان میں صوبے کے دیگر ترقی یافتہ اضلاع کے برابر لانے میں مدد ملے گی۔ وزیر اعلی کا مزید کہنا تھا کہ مشکل صورتحال کے باوجود آنے والے بجٹ میں عام آدمی کو۔زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جائے گا اور اگلے سالانہ ترقیاتی پروگرام کو تمام اضلاع کی ضروریات اور عوامی مسائل کو مد نظر رکھتے ہوئے ترتیب دیا جائے گا جبکہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور یومیہ اجرت پر کام کرنے والوں کی اجرت میں اضافہ اور آئمہ مساجد کو وظائف کی فراہمی جیسے دیگر عوام دوست اقدامات بھی بجٹ کا حصہ ہونگے اور نیا مالی سال انشاءاللہ صوبے کی ترقی اور خوشحالی کا سال ثابت ہوگا۔انہوں نے کہا کہ سوات تا کالام روڈ پر تمام پلوں کی تعمیر کے ٹینڈر جاری ہوچکے ہیں اور عنقریب ان پلوں کی تعمیر پر عملی کام کا آغاز کیا جائے گا۔