News Details

17/06/2021

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان سے نو تعینات انسپکٹر جنرل پولیس معظم جا ہ انصاری نے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان سے نو تعینات انسپکٹر جنرل پولیس معظم جا ہ انصاری نے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں پولیس کے شعبے میں اصلاحات کے تسلسل کو جاری رکھنے، پولیس کی مجموعی کارکردگی اور صوبے میں امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتربنانے سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیا ل کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے معظم جاہ انصاری کو بحیثیت انسپکٹر جنرل پولیس نئی ذمہ داریا ں سنبھالنے پر مبارکباد دی اور ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ نے امید ظاہر کی کہ بطور انسپکٹر جنرل پولیس معظم جاہ انصاری صوبے میں پولیس کے شعبے میں صوبائی حکومت کے اصلاحات کے تسلسل کو جاری رکھنے اور اسے مزید بہتر بنانے کے سلسلے میں اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتیں موثر انداز میں بروئے کار لائیں گے۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا پولیس ایک بہترین پیشہ ورانہ فورس ہے جس نے دہشت گردی کے خلاف بیش بہا قربانیاں دی ہیں اور صوبے کے عوام پولیس کی ان قربانیوں کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ صوبے میں روایتی تھانہ کلچر کو مکمل طور پر تبدیل کرنے عوام کے ساتھ پولیس کے عمومی رویے میں مثبت تبدیلی لانے اور پولیس کی مجموعی کارکردگی کو عوامی توقعات کے عین مطابق بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے توقع ظاہر کی کہ نئے پولیس سربراہ اس سلسلے میں صوبائی حکومت اور عوام کے توقعات پر پورا اتریں گے۔