News Details

25/06/2021

وزیراعلیٰ محمود خان سے پشاور ہائی کورٹ مینگورہ بینچ سوات کے نمائندہ وفد کی ملاقات

وزیراعلیٰ محمود خان سے پشاور ہائی کورٹ مینگورہ بینچ سوات کے نمائندہ وفد کی ملاقات پشاور ہائی کورٹ مینگورہ بینچ بار ایسوسی ایشن کے صدر سعید خان ایڈوکیٹ کی سربراہی میں چھ رکنی وفد نے جمعرات کے روز وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان سے ملاقات کی ۔ ملاقات میں شعبہ قانون و انصاف سے وابستہ مسائل، حکومتی پالیسیوں اور دیگر متعلقہ اُمور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ کے سپیشل سیکرٹری مسعود یونس اور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ وفد نے جوڈیشل کمپلیکس مینگورہ کے قیام اور دیگر اہم منصوبوں کے سلسلے میں درپیش مسائل سے بھی وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے مذکورہ جوڈیشل کمپلیکس کے قیام کیلئے زمین کا مسئلہ ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ صوبائی حکومت تمام شعبوں کی یکساں ترقی کیلئے اقدامات کر رہی ہے ۔ شعبہ قانون و انصاف سے وابستہ لوگوں کے مسائل پر نہ صرف نظر ہے بلکہ ان کے مسائل کے ازالے کیلئے دستیاب وسائل کے مطابق ہر ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ نئے مالی سال کے بجٹ میں شعبہ قانون و انصاف کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے اڑھائی ارب روپے سے زائد رقم مختص کی گئی ہے اور تمام جاری منصوبوں کی تکمیل کو ترجیح دی جائے گی ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبائی حکومت نے عوامی فلاح کے متعدد جامع اقدامات شروع کر رکھے ہیں جن سے خواص و عوام سب یکساں مستفید ہو تے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ مربوط ایمبولینس سروس کو صوبے کے 35 اضلاع تک توسیع دی گئی ہے۔ ریسکیو1122 کی سروس کو اب تمام تحصیلوں تک توسیع دی جائے گی اور اس مقصد کیلئے نئے بجٹ میں 2.8 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں ۔اس سروس کے ساتھ فائربریگیڈ کی سروسز کا الحاق بھی منصوبے کا حصہ ہے۔ اسی طرح صحت کارڈ پلس سکیم کو صوبے کی سو فیصد آبادی تک توسیع دے دی گئی ہے جو صوبائی حکومت کا ایک اہم کارنامہ ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ اصل مقصد اس صوبے کے عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہے جس کیلئے دستیاب وسائل کا نتیجہ خیز استعمال یقینی بنایا جارہا ہے ۔ وفد نے اس موقع پر عوامی فلاح کیلئے صوبائی حکومت کی پالیسیوں خصوصاً نئے مالی سال کیلئے تاریخی بجٹ پیش کرنے پر وزیراعلیٰ اور اُن کی ٹیم کو سراہا۔