News Details

26/06/2021

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے فر نٹیر ایجوکیشن فاﺅنڈیشن کے تحت طلباءو طالبات کو سکالرشپ کی فراہمی کیلئے حقیقت پسندانہ طریق کار اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے فر نٹیر ایجوکیشن فاﺅنڈیشن کے تحت طلباءو طالبات کو سکالرشپ کی فراہمی کیلئے حقیقت پسندانہ طریق کار اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے اورا س مقصد کیلئے معاون خصوصی برائے اعلیٰ تعلیم کامران بنگش کی سربراہی میں بورڈ اراکین پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی ہے جو صوبے کے مختلف ڈویژنز اور اضلاع کے طلباءو طالبات میں سکالرشپ کی تقسیم کے فارمولہ کے علاوہ سکالر شپ کے تحت حصول تعلیم کیلئے سرکاری و نجی اعلیٰ تعلیمی اداروں کے انتخاب اور دیگر متعلقہ اُمور سے متعلق حتمی تجاویز پیش کرے گی ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ اصل مقصد اپنے طلباءو طالبات کو اعلیٰ تعلیم کے معیاری مواقع فراہم کرکے مختلف شعبوں میں قابل لیڈر شپ پیدا کرنا ہے جس کیلئے جامع اور موثرحکمت عملی اختیار کرنے اور فاﺅنڈیشن کے بزنس پلان اور اس کی کارکردگی میں اضافے پر خصوصی توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے ۔ وہ جمعہ کے روز وزیراعلیٰ ہاﺅس پشاور میں فرنٹیر ایجوکیشن فاﺅنڈیشن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے انتالیسیویں اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔ وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا، معاون خصوصی برائے اطلاعات و اعلیٰ تعلیم کامران بنگش ، متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریز ، ایڈوکیٹ جنرل ، فاﺅنڈیشن کے منیجنگ ڈائریکٹر اور بورڈ کے دیگر اراکین کے علاوہ متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔ اجلاس کو بورڈ کے سابقہ اجلاس کے فیصلوں پر عمل درآمد کی پیشرفت سے آگاہ کیا گیا اور متعدد نئے اُمور منظوری کیلئے پیش کئے گئے ۔ اجلاس میں فرنٹیر ایجوکیشن فاﺅنڈیشن کے منیجنگ ڈائریکٹر کی عبوری تقرری کی تائید کرتے ہوئے انہیں مستقل ایم ڈی کی تقرری تک خدمات جاری رکھنے کی منظوری دی گئی ۔ متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی کہ مستقل ایم ڈی کی تقرری کیلئے پوسٹ متعلقہ قواعد و ضوابط کے مطابق اوپن میرٹ پر مشتہر کی جائے اور تقرری کا عمل آئندہ تین ماہ کے اندر مکمل کیاجائے ۔ اجلاس میں فاﺅنڈیشن کے بجٹ تخمینہ جات کو نظر ثانی کیلئے متعلقہ کمیٹی میں پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ۔ کمیٹی بجٹ تخمینہ جات کا ازسر نو جائزہ لیکر حتمی تجویز منظوری کیلئے پیش کرے گی ۔ بورڈ نے فاﺅنڈیشن کیلئے مستقل ہیڈ آفس کی تعمیر کی ضرورت سے اتفاق کیا تاہم وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ محکمہ مواصلات و تعمیرات کے ذریعے مجوزہ عمارت کا ایک مکمل اور جامع پلان تیار کیا جائے جس کے مطابق عمارت کی تعمیر عمل میں لائی جائے گی۔ اجلاس میں فاﺅنڈیشن کے ہیڈآفس کیلئے بجٹ اینڈ اکاونٹ آفیسر کی تخلیق کی منظوری کے علاوہ فاﺅنڈیشن کے تحت کالجزمیں ڈیپوٹیشن پر تعینات ملازمین کی ڈپیوٹیشن کی مدت میں مزید دو سال کی توسیع کی تائید کی گئی ۔ اسی طرح وزیراعلیٰ سکالرشپ پروگرام کے تحت چین کی یونیورسٹیوں میں سکالرشپ کی فراہمی اور سکالرشپ کے حوالے سے دیگر ضروریات پوری کرنے کیلئے مجوزہ گرانٹ ان ایڈ کی فراہمی کے معاملہ کو اراکین بورڈ پر مشتمل مذکورہ کمیٹی میں حتمی شکل دینے کی ہدایت کی گئی ۔ وزیراعلیٰ نے تمام بورڈ اراکین کو فاﺅنڈیشن کے اصل مقاصد پر خصوصی توجہ مرکوز کرنے کی ہدایت کی ۔ اُنہوںنے واضح کیا کہ ہر چھ ماہ کے بعد بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس بلایا جائے تاکہ فاﺅنڈیشن کے جملہ اُمور کو بروقت اور بطریق احسن نمٹایا جاسکے ۔