News Details

26/07/2021

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی زیر صدارت وزیر اعلیٰ ہاوس میں پیر کے روز صوبے میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ اور کم وولٹیج سے متعلق اجلاس

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی زیر صدارت پیر کے روز صوبے میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ اور کم وولٹیج سے متعلق ایک اجلاس وزیراعلیٰ ہاﺅس پشاور میں منعقد ہوا جس میں صوبے کے بعض علاقوں میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ اور کم وولٹیج کے مسائل کوحل کرنے سے متعلق اُمور پر تفصیلی غور وخوض کیا گیا ۔ چیف پیسکو انجینئر محمد جبار خان کے علاو ہ دیگر متعلقہ حکام نے بھی اجلاس میں شرکت کی ۔ اجلاس کو صوبہ بھر میں بجلی کے انفراسٹرکچر کی بہتری کیلئے جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔ وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ صوبائی دارلحکومت پشاور میں تین نئے گرڈ سٹیشنزمکمل کئے گئے ہیں جن کو فعال کرنا ابھی باقی ہے اور انشاءاﷲ بہت جلد ان کو مکمل طور پر فعال کیا جائے گا جبکہ پیسکو کے صوبائی حکومت سے متعلق تمام معاملات بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے ۔ اُنہوںنے مزید کہاکہ پیسکو کے وفاقی حکومت سے متعلق معاملات کو وہ جلد وزیراعظم عمران خان کے ساتھ اُٹھائیں گے ۔وزیراعظم نے پہلے ہی صوبے میں بجلی کے انفراسٹرکچر کی بہتری کیلئے فنڈز دینے کا وعدہ کیا ہے تاکہ صوبے میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ اور کم وولٹیج کے مسائل مستقل بنیادوں پرحل ہوں۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ صوبے میں بجلی کے انفراسٹرکچر کی بہتری کیلئے جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل کو ہرلحاظ سے یقینی بنایا جائے تاکہ صوبے کے عوام ان منصوبوں سے بلا تاخیر مستفید ہوں۔ اُنہوںنے پیسکو حکام پر واضح کیا کہ ان منصوبوں کی تکمیل میںکسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی اور پیسکو دستیاب وسائل کے اندر رہتے ہوئے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کیلئے عملی اقدامات اُٹھائے۔ <><><><><><>