News Details

09/08/2021

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کا وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے متصل ضلع ہری پور کے علاقہ مکھنیال میں جنگلاتی رقبے پر زمینوں کی خرید وفروخت اور وہاں پر غیر قانونی تعمیرات کا سختی سے نوٹس

ہوئے متعلقہ حکام کو اس طرح کی تمام سرگرمیوں پر فی الفور پابندی عائد کرنے اور اس مقصد کے لئے دفعہ 144نافذ کرکے اس پر مو ¿ثر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لئے ضروری اقدامات کی ہدایت کی ہے۔ یہ ہدایات انہوں نے پیر کے روز مکھنیال میں جنگلات کے تحفظ اور وہاں پر کمرشل بنیادوں پر تعمیراتی سرگرمیوں کی روک تھام سے متعلق ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔ قائم مقام چیف سیکرٹری ظفرعلی شاہ، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری امجد علی خان، متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریوں، کمشنر ہزارہ، ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او ہری پور ، ڈائریکٹرجنرل گلیات ڈیویلپمنٹ اتھارٹی اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ وزیراعلیٰ نے ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او ہری پور کو مکھنیال کے جنگلات اور ان کے گرد و نواح میں تعمیراتی سرگرمیوں پر دفعہ 144 پر مو ¿ثر عملدرآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جو بھی دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرے اس کے خلاف پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ188 کے تحت سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔وزیراعلیٰ نے مکھنیال کے گزارا فارسٹ میں تجارتی عمارتیں تعمیر کرنے کے لئے غیر قانونی این او سی جاری کرنے والے متعلقہ تحصیل میونسپل آفیسر کو فوری طور پر ملازمت سے فارغ کرنے جبکہ فرائض سے غفلت برتنے والے محکمہ جنگلات کے متعلقہ چیف کنزر ویٹر کو معطل کرنے اور دیگر عملے کو اپنے عہدوں سے ہٹانے کے احکامات جاری کئے۔ اجلاس میں مکھنیال کے جنگلات کی باقاعدہ درجہ بندی اور حد بندی کا فیصلہ کرتے ہوئے گلیات ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کو تین مہینوں میں ان جنگلات کی درجہ بندی اور حد بندی کا سارا عمل مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی اور اس مقصد کے لئے محکمہ جنگلات، ریو نیو اور گلیات ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے اعلیٰ حکام پر مشتمل ایک کمیشن بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں ان جنگلات کی درجہ بندی اور حد بندی کا عمل مکمل ہونے تک علاقے میں زمینوں کے انتقالات اور رجسٹریوںں کے اجراءپر پابندی کا فیصلہ کرتے ہوئے اس سلسلے میں محکمہ مال اور ضلعی انتظامیہ کو ضروری کاروائی عمل میں لانے کی ہدایت کی گئی۔ اسی طرح مکھنیال اور خانپور میں جنگلات اور قدرتی ماحول کو درپیش خطرات کے پیش نظر معدنیات کے جاری کردہ لیزز کو بھی فی الوقت منسوخ کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ وزیر اعلی نے ضلعی انتظامیہ، پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کو مکھنیال میں غیر قانونی تعمیراتی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھنے اور ان کی روک تھام کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات کے بارے میں روزانہ کی بنیادوں پر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔جنگلات کے تحفظ کو اپنی حکومت کی سب سے اہم ترجیح قرار دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہاکہ اس پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے مکھنیال کے جنگلاتی رقبے کی زمینوں کی خریدو فروخت اور وہاں پر غیر قانونی تعمیرات میں ملوث عناصر کے خلاف بلا تفریق کارروائی عمل میں لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ چاہے کوئی کتنا بھی بااثر ہو اسے نہیں چھوڑا جائے گا۔