News Details

13/08/2021

وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان کا 14 اگست کے حوالے سے بیان

وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ پاکستان کا قیام لاکھوں مسلمانوں کی قربانیوں کا نتیجہ ہے جن کی وجہ سے آج ہم پر امن فضا میں سانس لے رہے ہیں۔ یہ بلاشبہ ہمارے اسلاف کا ہم پر ایک عظیم احسان ہے، اس لئے اب اس مملکت خداد کو صحیح معنوں میں ایک فلاحی ریاست اور ترقیافتہ ملک بنانا بھی ہم سب کا اجتماعی فریضہ ہے۔ اس مقصد کیلئے معاشرے کے تمام طبقات کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے یوم آزادی کے حوالے سے یہاں سے جاری اپنے ایک پیغام میں کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر پوری قوم کو جشن آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وطن سے محبت کا اولین تقاضا ہے کہ ہم علاقائی ، نسلی اورلسانی تمام تر امتیازات کو پس پشت ڈالتے ہوئے ملک کی سا لمیت و ترقی کیلئے یکجا ہو جائیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے چونکہ وزیراعظم نے اس بار 14اگست کو گرین پاکستان ڈے ڈیکلیئر کیا ہے اس لئے عوام سے اپیل ہے کہ وہ اس دن زیادہ سے زیادہ پودے لگاکر ملک کو سرسبز و شاداب بنانے میں اپنا کردار ادا کرکے حب الوطنی کا صحیح ثبوت دیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ ہم جشن آزادی کے دن زیادہ سے زیادہ پودا لگا کر اس دن کو بامقصد انداز میں بناسکتے ہیں۔ ہم آزادی کیلئے پیش کی گئی لاکھوں قربانیوںکی قیمت تو نہیں چکاسکتے البتہ آزادی کے حقیقی مقاصد حاصل کرکے اپنے اسلاف کے خواب کو شرمندہ تعبیر کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خوش قسمتی سے پاکستانی قوم کو کئی دہائیوں کے بعد عمران خان کی شکل میں ایک مخلص اور نڈر قیادت میسر آئی ہے جو پاکستان کو بحرانوں سے نکالنے کی بھر پور صلاحیت رکھتی ہے اور قیام پاکستان کے حقیقی مقاصد کے حصول کیلئے گامزن ہے۔ محمود خان نے کہاکہ موجودہ حکومت اداروں کو ان کے حقیقی دائرہ کارو اختیار کے مطابق فعال بنانے ،ملک کو داخلی ، خارجی اور مالی بحرانوں سے نکالنے اور معاشی استحکام کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے کیونکہ مالی خودکفالت اور معاشی استحکام ناقابل تسخیر قومی دفاع کیلئے ناگزیر ہے۔ انہوں نے اس موقع پر بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں جاری بد ترین لاک ڈاﺅن،بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ امن کیلئے ہماری خواہش اور کوششوں کو کمزور ی نہ سمجھے ، ہم جب آزادی حاصل کرسکتے ہیں تو آزادی کا دفاع کرنا بھی بخوبی جانتے ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر تحریک آزادی کے شہداءسمیت پاکستان کے دفاع و سلامتی کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والی مسلح افواج، پولیس اور دیگر اداروں کے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ ہم ان قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔