News Details

06/10/2021

شانگلہ کی مشہورسیاسی شخصیت، مسلم لیگ (ن) کے ضلعی رہنما اور سابق ممبر ضلع کونسل سرفراز خان نے گزشتہ روزوزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان سے ملاقات کی اور مسلم لیگ (ن) کو چھوڑ کر اپنے ساتھیوں اور عزیزو اقارب سمیت پاکستان تحریک انصاف میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان کیا۔

وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سرفراز خان اور اُن کے ساتھیوں کو تحریک پاکستان انصاف میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت صوبے کے تمام پسماندہ اضلاع کی یکساں بنیادوں پر ترقی کیلئے ٹھوس اقدامات اُٹھارہی ہے ۔ موجودہ حکومت اور وزیراعظم عمران خان کی عوام دوست پالیسیوں کی بدولت پاکستان تحریک انصاف کی قیادت پر عوام کا اعتماد بڑھ رہا ہے اور یہی وجہ ہے کہ دوسری سیاسی جماعتوں کے کارکنان اپنی پارٹیاں چھوڑ کر پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں اور انشاءاﷲ عوام کے تعاون سے پاکستان تحریک انصاف 2023 کے عام انتخابات میں ملک بھر میں بھر پورکامیابی حاصل کرے گی ۔ صوبائی وزیر محنت شوکت یوسفزئی ،پی ٹی آئی ملاکنڈ ڈویژن کے سینئرنائب صدر حاجی سدید الرحمن، پی ٹی آئی شانگلہ کے صدر وقار احمد خان او ر دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے ۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبائی حکومت شانگلہ سمیت صوبے کے دیگر سیاحتی اضلاع میں سیاحتی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے ان علاقوں میں رابطہ سڑکوں کی تعمیر اور دیگر اقدامات اُٹھارہی ہے تاکہ ان اضلاع میں سیاحت کو فروغ دے کر لوگوں کیلئے روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کئے جاسکیں۔وزیراعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ حکومت وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق آنے والی نسلوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے اور ایسے منصوبوں کو عملی جامہ پہنارہی ہے جن سے صوبے کی معیشت مستحکم بنیادوں پر استوار ہو گی اور آنے والی نسلوں کا مستقبل محفوظ ہو گا۔ ان منصوبوں میں چشمہ رائٹ بینک لفٹ کینال ، پشاور ڈی آئی خان موٹروے ، اکنامک زونز کا قیام، پن بجلی کے بڑے منصوبے ، پاک افغان اکنامک کوریڈور ، سٹیز امپرومنٹ پراجیکٹ ، کسان کارڈز ، ایجوکیشن کارڈ اور فوڈ کارڈ جیسے اہم منصوبے شامل ہیں۔ سرفراز خان اور اُن کے ساتھیوں نے وزیراعلیٰ کی قیاد ت اور پاکستان تحریک انصاف کی پالیسیوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اپنے بھر پور تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔